Get Alerts

مسلم لیگ ن کے رہنما ایاز صادق سپیکر قومی اسمبلی منتخب

سردار ایاز صادق 199 ووٹ لیکر  سپیکر منتخب ہوئے جبکہ ان کے مد مقابل سنی اتحاد کونسل کے امیدوار ملک محمد عامر ڈوگر نے 91 ووٹ حاصل کیے۔

مسلم لیگ ن کے رہنما ایاز صادق سپیکر قومی اسمبلی منتخب

پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنما سردار ایاز صادق 199 ووٹوں سے سولہویں قومی اسمبلی کے سپیکر منتخب ہو گئے ہیں۔

جمعیت علمائے اسلام ف کے ارکان اور بلوچستان نیشنل پارٹی کے سربراہ اختر مینگل نے انتخابی عمل کا بائیکاٹ کرتے ہوئے ووٹ نہیں ڈالے۔

سپیکر اور ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی کے انتخاب کے لیے اجلاس راجا پرویز اشرف کی زیر صدارت ہو رہا ہے۔ اجلاس شروع ہوا تو ایوان میں موجود سنی اتحاد کونسل کے ارکان نے احتجاج اور نعرے بازی شروع کر دی۔

اراکین کے شور شرابے پر سپیکر راجہ پرویز اشرف نے کہا کہ آج ایوان سپیکر، ڈپٹی سپیکر کا انتخاب کرے گا۔ ایوان کو چلنے دیں۔ اگر کوئی اعتراض ہے تو الیکشن کمیشن یا عدالت جائیں۔

اسمبلی اجلاس میں انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن نے جن ممبران کو نوٹیفائی کیا وہ ایوان کے معزز ارکان ہیں۔ جس آرٹیکل کے تحت آپ نے حلف اٹھایا۔ اسی کے تحت دیگر نے بھی حلف اٹھایا۔

تازہ ترین خبروں اور تجزیوں کے لیے نیا دور کا وٹس ایپ چینل جائن کریں

نئے سپیکر کے انتخاب کے لیے مجموعی طور پر 291 ووٹ ڈالے گئے۔ سپیکر نے عمر ایوب کو پوائنٹ آف آرڈر پر بولنے کا موقع دیا جبکہ سنی اتحاد کونسل اور آزاد ممبران نے احتجاج کرتے ہوئے سپیکر ڈائس کا گھیراؤ کر لیا۔

سپیکر راجہ پرویز اشرف نے نئے سپیکر قومی اسمبلی کے انتخاب کی کارروائی شروع کروائی۔ راجہ پرویز اشرف نے سیکرٹری قومی اسمبلی کو اردو آرڈر کے مطابق نام پکارنے اور ووٹنگ کا کہا۔

خالی بیلٹ باکس ایوان کو دکھا کر سیل کر دیا گیا۔ قومی اسمبلی میں سپیکر کا انتخاب خفیہ رائے شماری سے ہوا۔

راجا پرویز اشرف نے پولنگ کے بعد ووٹنگ کی گنتی کا عمل مکمل ہونے کے بعد بتایا کہ سردار ایاز صادق 199 ووٹ لیکر   سپیکر منتخب ہوئے جبکہ ان کے مد مقابل سنی اتحاد کونسل کے امیدوار ملک محمد عامر ڈوگر نے 91 ووٹ حاصل کیے۔بعد ازاں راجا پرویز اشرف نے ایاز صادق نے قومی اسمبلی کے 23 ویں سپیکر کی حیثیت سے حلف لیا۔

سپیکر کے انتخاب کے بعد قومی اسمبلی میں ڈپٹی سپیکر کے چناؤ کے لیے ووٹنگ ہو گی۔ ڈپٹی سپیکر کے لیے ن لیگ اور پیپلز پارٹی کے امیدوار غلام مصطفیٰ شاہ ہیں۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز 19 ویں قومی اسمبلی کے پہلے سیشن میں 336 رکنی ایوان کے 302 ارکان نے حلف اٹھایا تھا۔