وکرم ویدھا تمل زبان میں 17 کروڑ کے بجٹ سے 2017 میں بنی تھی اور اس نے 66 کروڑ روپے کمائے تھے۔ فلم سپر ہٹ تھی۔ اب اسی ٹیم نے ہدایت کار پشیکر کی زیر نگرانی ہندی زبان میں 175 کروڑ کے بجٹ سے فلم دوبارہ بنائی ہے اور کیا ہی اچھا ری میک ہے۔ جنوبی بھارت کی کہانی کو اتر پردیش کے قالب میں ڈھالا ہے۔ وجے ستوپتی اور مادھون والے کردار ریتک روشن اور سیف علی خان نے ادا کیے ہیں۔ پشیکر کی ہدایت کاری اعلیٰ ہے۔ اس نے یوپی کے شہروں کانپور اور لکھنؤ کو خوب سٹڈی کرکے ایک ایک فریم پر محنت کی ہے۔ ہندی مکالمے منوج منتشر جیسے بڑے سکرپٹ رائٹر نے لکھے ہیں جو کمال ہیں۔ میوزک وشال شیکھر کا ہے اور اوسط ہے۔
ریتک روشن کا کمال یہ ہے کہ پہلے اگنی پتھ کے ری میک میں امیتابھ بچن والے کردار کو اپنے انداز سے کیا، اب وکرم ویدھا میں وجے ستوپتی کے کردار کو اپنے انداز سے کیا ہے اور کیا خوب کیا ہے۔ ایکشن والے جذبات کا اظہار بہت مہارت سے کیا ہے۔ سیف علی خان نے اپنے کردار سے انصاف کیا ہے۔ ریتک روشن کا بھرپور ساتھ دیا ہے۔ دونوں کی بدن بالی بہت اچھی لگی ہے۔ رادھیکا اپٹے اگرچہ کمرشل فلم میٹریل نہیں ہیں مگر اداکارہ اچھی ہیں۔ حرف آخر وکرم ویدھا پیسہ وصول فلم ہے۔
پچھلے چند ماہ سے بالی وڈ انڈسٹری شدید بحران کا شکار ہے۔ اکشے کمار، عامر خان، سلمان خان اور اجے دیوگن جیسے بڑے سٹارز کی فلمیں اوپر تلے ناکام ہوئی ہیں۔ سلمان خان کی اتنم، عامر خان کی لال سنگھ چڈھا، اجے دیوگن کی رن وے 34، اکشے کمار کی بچن پانڈے، پرتھوی راج چوہان اور رکشا بندھن اور رنبیر کپور کی شمشیرا کی ناکامیوں نے بالی وڈ اسٹارز کی ساکھ پر سوالیہ نشان لگا دیئے ہیں۔ دوسری جانب ساؤتھ انڈین اسٹارز کی ٹرپل آر پشپا، کے جی ایف ٹو، اس سے قبل باہو بلی 1 اور 2 اور کے جی ایف 1 نے بھی ہندی سرکٹ میں شاندار کامیابیوں حاصل کر کے بالی ووڈ کی پریشانیوں میں اضافہ کر دیا تھا۔ یوں لگ رہا تھا جیسے اب بھارتی فلم انڈسٹری کا مرکز بالی وڈ نہیں بلکہ جنوبی بھارت بن گیا ہے۔
پچھلے تین ہفتوں میں بالی وڈ کی فلم برہمسترا نے کامیابی حاصل کی جس میں رنبیر کپور، عالیہ بھٹ، امیتابھ بچن اور ناگر جونا شاملِ تھے۔ اگرچہ اس سے پہلے متھن چکرورتی اور انوپم کھیر کی کشمیر فائلز اور بھول بھلیاں 2 نے کامیابی حاصل کی مگر اس کے باوجود جنوبی بھارت کی فلموں کا جادو چل رہا ہے۔ شمشیرا کے بعد سنی دیول کی فلم چپ کی محدود کامیابی نے ایک امید جگائی تھی۔ اب وکرم ویدھا کی ریلیز کے بعد ایک بار پھر بالی ووڈ کی بقا کی امید پیدا ہوئی ہے۔
حسنین جمیل 17 سال سے صحافت سے وابستہ ہیں۔ وہ افسانوں کی تین کتابوں؛ 'کون لوگ'، 'امرتسر 30 کلومیٹر' اور 'ہجرت' کے مصنف ہیں۔