سابق وزیر اعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الہٰی کو رہائی کے کچھ دیر بعد ہی دوبارہ گرفتار کرلیا گیا۔ پی ٹی آئی کے صدر کو اسلام آباد پولیس نے تھری ایم پی او کے تحت گرفتار کیا گیا۔
لاہور ہائیکورٹ نے چوہدری پرویز الٰہی کو فوری رہا کرنے کا حکم دیتے ہوئے انہیں کسی بھی مقدمے میں گرفتار نہ کرنے کا بھی حکم دیا تھا۔ عدالت نے پرویز الہی کو پولیس کی نگرانی میں گھر روانہ کیا تاہم راستے میں اسلام آباد پولیس نے دوبارہ گرفتار کرلیا اور انہیں لے کر اسلام آباد روانہ ہوگئی۔
ذرائع کے مطابق اسلام آباد پولیس کی جانب سے چوہدری پرویز الٰہی کی گرفتاری تھری ایم پی او کے تحت عمل میں لائی گئی۔ سابق وزیراعلیٰ پنجاب کو ظہور الہٰی روڈ سے گرفتار کیا گیا ہے۔
وفاقی پولیس چوہدری پرویز الٰہی کو گرفتار کرکے اسلام آباد روانہ ہوگئی۔ انہیں ہیلی کاپٹر کے ذریعے اسلام آباد منتقل کیا جائے گا۔
پرویز الہی کے صاحبزادہ مؤنس الہی نے ایکس پر ٹویٹ میں تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ جیسے ہی گاڑی ہماری گلی میں داخل ہوئی اسے روک کر ان کے والد کو اغوا کرلیا گیا۔
مونس الہیٰ کا کہنا تھا کہ پولیس اور کورٹ سیکیورٹی میرے والد کو گھر لارہی تھی۔ اگرعدالتی احکامات کا اس طرح مذاق اڑانا ہے تو اس کا سرکاری سطح پر اعلان کردیں۔
After high court’s orders and on the Judge’s instructions police including court security were taking my father home. As the car entered our street, it was stopped and he was abducted. If court orders are going to be ridiculed like this maybe they should officially declare it.
— Moonis Elahi (@MoonisElahi6) September 1, 2023
واضح رہے کہ لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس امجد رفیق نے سابق وزیراعلیٰ پنجاب کی نیب گرفتاری کے خلاف درخواست پر سماعت کی۔ عدالت نے پرویز الہٰی کو رہا کرنے اور مزید کسی بھی کیس میں گرفتار نہ کرنے کا حکم دیا تھا۔