وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے)نے پی ٹی آئی کے صدر اور سابق وزیراعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الہٰی کو ایک بار پھر گرفتار کرلیا۔
ایف آئی اے کی ٹیم نے صدر پی ٹی آئی و سابق وزیراعلیٰ کو جیل سے گرفتار کیا ہے ، پرویز الہٰی کو منی لانڈرنگ کیس میں گرفتار کیا گیا ہے۔ ٹیم پرویز الہیٰ کو بکتر بند گاڑی میں لےکر روانہ ہوگئی۔
ایف آئی اے نے پرویز الہی ضلع کچہری میں پیش کرکے ان کا 14 روزہ جسمانی ریمانڈ مانگ لیا۔ تفتیشی افسر نے بتایا کہ چوہدری پرویز الہی کو کروڑوں روپے کی مشکوک ٹرانزکشن کے نئے کیس میں گرفتار کیا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ چوہدری پرویز الہیٰ کو ایف آئی اے نے اسی مقدمے میں محمد زمان کی نشاندہی پر گرفتار کیا ہے۔
اس سے قبل ایف آئی اے کی جانب سے پرویز الہیٰ کے فرنٹ مین اور گن مین چوہدری محمد زمان گرفتار کیا گیا۔ محمد زمان یہ سابق وزیراعلیٰ کا کیش بوائے بھی تھا۔
ایف آئی اے نے چوہدری زمان کے موبائل فون کے ذریعے اہم شواہد حاصل کر لیے ہیں جبکہ موبائل فون کا فرانزک آڈٹ کرایا جا رہا ہے۔
گرفتاری کے بعد محمد زمان کو جوڈیشل مجسٹریٹ کی عدالت میں پیش کیا گیا اور جسمانی ریماند کی استدعا کی گئی۔ جوڈیشل مجسٹریٹ نے ملزم محمدزمان کا 4 روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کرلیا۔
واضح رہے کہ 21 جون کو پنجاب اسمبلی میں غیر قانونی بھرتیوں کےکیس میں اینٹی کرپشن کی عدالت سے ضمانت منظور ہونےکے بعد جیل سے رہا ہوتے ہی ایف آئی اے نے چوہدری پرویز الہیٰ کو منی لانڈرنگ کیس میں گرفتار کرلیا تھا۔ 2 روز قبل 24 جون کو لاہور کی سپیشل کورٹ سینٹرل نے منی لانڈرنگ کیس میں گرفتار چوہدری پرویز الہٰی کی ضمانت منظور کی تھی۔