وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے دعویٰ کیا ہے کہ پاکستان جلد وینٹی لیٹرز برآمد کرنے والا ملک بننے والا ہے۔
فواد چوہدری نے نیشنل یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی (نسٹ) اسلام آباد کا دورہ کیا اور یہاں تیار کیے گئے کرونا ٹیسٹنگ کِٹس، سینیٹائزرز اور کرونا ڈرون اسپرے کا جائزہ لیا۔
نسٹ حکام کی جانب سے وفاقی وزیر کو تیار کردہ کٹس اور وینٹی لیٹرز کے نمونے پر بریفننگ دی گئی۔
اس موقع پر فواد چوہدری نے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ پاکستان انجینئرنگ کونسل کو وینٹی لیٹرز کے 48 ڈیزائن موصول ہوئے تھے جن میں سے 2 ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی آف پاکستان (ڈریپ) کو بھیج دیے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ نسٹ میں تیار کی گئی کرونا وائرس کی ٹیسٹ کِٹس کا کل سے کلینکل ٹرائل شروع ہو گا اور ڈیڑھ لاکھ تک کٹس حکومت کے حوالے کی جائیں گی۔
فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ نسٹ نے ریموٹ سے چلنے والا ایک ڈرون بھی بنایا ہے جو کہ قرنطینہ کیمپ میں سپرے کرے گا۔ وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ ہم نے مارکیٹ سے 60، 70 مختلف سینیٹائزر اٹھائے تھے لیکن افسوس کافی جعلی نکلے ہیں جن کی لسٹ وزارت صحت کو بھیج رہے ہیں، جعلی سینیٹائزرز کی روک تھام کے لیے وزیراعظم کو بھی صوابدیدی اختیارات استعمال کرنے کو کہا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ حالات اب تک کنٹرول میں ہیں، حکومت اچھے طریقے سے کام کر رہی ہے، ابھی تک کرونا کا کوئی خاص علاج نہیں ہے، احتیاط ہی زیادہ بہتر ہے، 90 فیصد ہسپتالوں میں تمام سامان اور کٹس فراہم کر دیے گئے ہیں۔
خیال رہے کہ پاکستان میں کرونا سے متاثرہ افراد کی تعداد 2300 سے زائد ہوچکی ہے جب کہ 33 افراد ہلاک بھی ہو چکے ہیں۔