موڈیز نے پاکستانی معیشت کی آؤٹ لک کو منفی سے مستحکم قرار دے دیا

موڈیز نے پاکستانی معیشت کی آؤٹ لک کو منفی سے مستحکم قرار دے دیا
عالمی کریڈٹ ریٹنگ ایجنسی موڈیز نے پاکستان کی کریڈٹ ریٹنگ بہتر کر دی۔ موڈیز نے پاکستان کی کریڈٹ ریٹنگ منفی سے مستحکم قرار دے دی ہے۔

موڈیز کے مطابق پاکستان کے ادائیگیوں کے توازن میں بہتری کی توقع ہے، پالیسی ایڈجسٹمنٹ اور آزادانہ شرح مبادلہ سے ادائیگیوں کے توازن کی بہتری میں مدد ملے گی جبکہ زرمبادلہ ذخائر میں بہتری آنے میں وقت لگے گا۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ماضی میں روپیہ کمزور ہونے سے قرضوں کا بوجھ بڑھ گیا تھا۔

خیال رہے کہ عالمی ریٹنگ ایجنسی موڈیز نے دس ماہ قبل پاکستانی بینکوں کا آؤٹ لک مستحکم سے منفی کردیا تھا۔

موڈیز کی جانب سے پاکستان معیشت کے مستحکم ہونے کا اعلان ایسے وقت میں کیا گیا ہے جب پاکستان سٹاک ایکسچینج میں ایک طویل مندی کے بعد 100 انڈیکس 40 ہزار پوائنٹس سے اوپر پہنچ گیا ہے اور اس میں دن بدن بہتری آ رہی ہے۔

دوسری جانب وزارت تجارت کی جانب سے جاری کردہ رپورٹ کے مطابق رواں مالی سال کے پہلے 5 ماہ میں تجارتی خسارہ 34.42 فیصد کم ہو گیا ہے۔ جولائی تا نومبر درآمدات میں 19.27 فیصد کمی ہوئی ہے۔

وزارت تجارت کا کہنا ہے کہ جولائی تا نومبر تجارتی خسارہ 9 ارب 49 کروڑ 60 لاکھ ڈالرز رہا۔ گذشتہ سال اسی عرصے میں تجارتی خسارہ 14 ارب 47 کروڑ 90 لاکھ ڈالرز تھا۔

ترجمان وزارت تجارت کے مطابق صرف نومبر 2019 میں برآمدات میں 9.60 فیصد اضافہ ہوا اور یہ 2 ارب ڈالرز سے زائد رہیں۔