ڈی جی ایف آئی اے بشیر میمن نے احتجاجاً ملازمت سے استعفیٰ دے دیا

ڈی جی ایف آئی اے بشیر میمن نے احتجاجاً ملازمت سے استعفیٰ دے دیا
ڈی جی ایف آئی اے بشیر میمن نے احتجاجاً ملازمت سے مستعفی ہوتے ہوئے مؤقف اختیار کیا ہے کہ سرکاری افسر کو ریٹائرمنٹ کے نزدیک پوسٹنگ نہ دینا آداب کی خلاف ورزی ہے۔

تفصیلات کے مطابق ایف آئی اے کے ڈائریکٹر بشیر میمن نے احتجاجاً ملازمت سے استعفیٰ دے دیا ہے، بشیر میمن نے استعفی سیکرٹری اسٹیبلشمنٹ کو بھجوا دیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ سرکاری افسر کو ریٹائرمنٹ کے نزدیک پوسٹنگ نہ دینا آداب کی خلاف ورزی ہے، ریٹائرمنٹ سے چند روز قبل تبادلہ کرنے کا مطلب حکومت مجھ سے خوش نہیں۔ لہذا حکومتی فیصلے کے پیش نظر میں ملازمت سے استعفیٰ دیتا ہوں۔



ذرائع کے مطابق بشیر میمن حکومت سے کچھ ایشوز پر اختلافات کی وجہ سے چھٹی پر چلے گئے تھے جبکہ ان پر حزب اختلاف کے لیڈروں پر مقدمات بنانے کے لیے دباؤ تھا تاہم بشیر میمن نے سیاسی دباؤ قبول کرنے سے انکار کر دیا تھا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ بشیر میمن 28 ستمبر سے چھٹی پر تھے جسے بڑھاتے رہے تاہم گذشتہ پیر کو چھٹی ختم ہونے پر بشیر میمن نے عہدے کا چارج سنبھال لیا تھا۔

یاد رہے کہ وفاقی حکومت نے چند روز قبل سپریم کورٹ کے احکامات کو نظر انداز کرتے ہوئے جے آئی ٹی کے سربراہ واجد ضیا کو ایف آئی اے کا نیا ڈائریکٹر جنرل تعینات کر دیا تھا۔ سپریم کورٹ نے موجود ڈی جی ایف آئی اے بشیر میمن کو اصغر خان کیس میں تحقیقات مکمل ہونے تک عہدے سے ہٹانے سے روک رکھا تھا۔

وفاقی حکومت نے سپریم کورٹ کے حکم کے باوجود بشیر میمن کو ڈی جی ایف آئی کے عہدے سے ہٹا دیا۔