پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے انٹرا پارٹی انتخابات میں بیرسٹر گوہر علی خان بلامقابلہ پارٹی چیئرمین منتخب ہوگئے۔
الیکشن کمیشن کی ہدایت پر پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے آج انٹرا پارٹی انتخابات کا انعقاد کیا۔ تحریک انصاف کے رجسٹرڈ ووٹرز نے آج نئے چیئرمین کا انتخاب کیا۔
بیرسٹر گوہر خان نے چیئرمین پی ٹی آئی کے عہدے کے لیے کاغذاتِ نامزدگی جمع کروائے تھے۔
انتخابات کے بعد پی ٹی آئی کے چیف الیکشن کمیشنر نیاز اللہ نیازی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے تصدیق کی کہ بیرسٹر گوہر علی خان پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین منتخب ہوگئے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ عمرایوب بلامقابلہ پی ٹی آئی کے مرکزی جنرل سیکریٹری منتخب ہوگئے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ یاسمین راشد پی ٹی آئی پنجاب کی صدر جبکہ منیر احمد بلوچ پی ٹی آئی بلوچستان کے صوبائی صدر منتخب ہوگئے ہیں۔
نیاز اللہ نیازی نے بتایا کہ علی امین گنڈا پور خیبرپختونخوا سے پی ٹی آئی کے صوبائی صدر منتخب ہوگئے جبکہ حلیم عادل شیخ سندھ سے پی ٹی آئی کے صوبائی صدر منتخب ہوگئے۔
انہوں نے کہا کہ انٹرا پارٹی انتخابات میں حصہ لینے والوں کا ایک پینل ہے، تمام امیدوار بلامقابلہ منتخب ہوگئے ہیں۔
واضح رہے کہ 23 نومبر کو الیکشن کمیشن نے تحریک انصاف کو اپنے انتخابی نشان کے طور پر بلے کو برقرار رکھنے کے لیے 20 دن کے اندر اندر پارٹی انتخابات کرانے کا حکم دیا تھا۔پولیس کی طرف سے پی ٹی آئی انٹرا پارٹی الیکشن کے لیے سیکیورٹی دینے کا اعلان کیا گیا تھا اور ایس ایس پی آپریشنز نے خود سیکیورٹی کی نگرانی کی۔
پی ٹی آئی کے چیف الیکشن کمشنر کی درخواست کے بعد الیکشن کمیشن نے چیف سیکرٹری خیبر پختونخوا اور آئی جی خیبر پختونخوا کو سیکیورٹی انتظامات کی ہدایت کی تھی۔