Get Alerts

اداکارہ اور لوک سبھا کی نومنتخب رُکن نصرت جہاں روحی کی منگنی

لوک سبھا کی نومنتخب رُکن اور بنگالی فلموں کی معروف اداکارہ نصرت جہاں روحی نے منگنی کر لی۔

نصرت جہاں روحی نے ریاست مغربی بنگال سے آل انڈیا ترینیمول کانگریس کی ٹکٹ پر انتخاب لڑا ہے اور وہ لوک سبھا کی کم عمر ترین رُکن ہیں۔ وہ بنگالی کے علاوہ تامل، مراٹھی اور تیلگو فلموں میں  بھی اداکاری کے جوہر دکھا چکی ہیں اور ان کا شمار ان علاقائی زبانوں کی نمایاں ترین اداکارائوں میں ہوتا ہے جب کہ ہندی زبان کے ڈراموں میں بھی ناظرین نصرت جہاں روحی کو اداکاری کرتے ہوئے دیکھ چکے ہیں۔

واضح رہے کہ گزشتہ دنوں اداکارہ اس وقت خبروں میں آئیں جب انہوں نے مغربی بنگال سے ہی لوک سبھا کی ایک اور نومنتخب رُکن اور اداکارہ ممی چکربورتی کے ساتھ نئی دہلی میں پارلیمان کی عمارت کے ساتھ  تصویریں اتروائیں اور انہیں سوشل میڈیا پر شیئر کیا جس پر صارفین نے ناصرف ان کے لباس پر تنقید کی بلکہ یہ تبصرہ بھی کیا کہ لوک سبھا کی عمارت فلموں کی شوٹنگ کا مقام نہیں ہے۔



لوک سبھا کا پہلا اجلاس فی الحال نہیں ہوا تاہم نصرت جہاں روحی نے سوشل میڈیا پر انگوٹھی کے ساتھ اپنی ایک تصویر شیئر کرتے ہوئے اپنی منگنی کی تصدیق کر دی ہے۔

اداکارہ و نومنتخب رکن پارلیمان کی جانب سے تصویر شیئر کیے جانے کے بعد ان کے متعدد مداحوں اور سپورٹرز نے ان کے لیے نیک تمنائوں کا اظہار کیا ہے۔

انہوں نے تصاویر شیئر کرتے ہوئے اپنے منگیتر نکھل جین کا بھی ذکر کیا۔

اداکارہ کی جانب سے ان تصاویر کے شیئر کیے جانے کے بعد بھارتی میڈیا میں اب ان کی جلد شادی کی چہ میگوئیاں شروع ہو گئی ہیں۔

بھارتی اخبار ٹائمز آف انڈیا نے یہ دعویٰ کیا ہے کہ نصرت جہاں روحی جلد ہی کولکتہ کے ایک کاروباری نوجوان نکھل جین سے شادی کے بندھن میں بندھ جائیں گی۔

یہ واضح کر دینا ہے کہ نصرت جہاں روحی ان دو مسلمان خواتین میں سے ایک ہیں جو ان انتخابات میں کامیاب ہوئی ہیں۔ لوک سبھا کی دوسری نومنتخب رکن ساجدہ احمد بھی آل انڈیا ترینیمول بنگال کے ٹکٹ پر ہی کامیاب ہوئی ہیں۔



نصرت جہاں روحی اور ساجدہ احمد سمیت رواں انتخابات میں مجموعی طور پر 78 خواتین فتحیاب ہوئی ہیں۔