بھارت میں 17 ویں لوک سبھا یا ایوان زیریں کے کے عام انتخابات کے نتائج کے مطابق حکمران جماعت بھارتیہ جنتا پارٹی ایک بار پھر حکومت بنانے میں کامیاب ہو جائے گی۔
یاد رہے کہ بھارت میں لوک سبھا کے انتخابات کا آغاز گزشتہ ماہ 11 اپریل کو ہوا جو سات مراحل میں چھ ہفتوں تک جاری رہے اور 19 مئی کو انتخابات کا ساتواں مرحلہ بھی مکمل ہو گیا۔
انتخابات کے غیرحتمی نتائج کا اعلان آج کیا گیا جن کے مطابق بی جے پی ایک بار پھر اکثریت حاصل کرنے میں کامیاب ہو گئی ہے۔
لوگ سبھا کے حتمی نتائج کا اعلان آئندہ چند روز میں کر دیا جائے گا جب کہ بھارت کے نئے وزیراعظم یکم جون کو حلف لیں گے۔
لوک سبھا کے رواں انتخابات میں شوبز کی متعدد شخصیات نے انتخابات میں حصہ لیا جن میں سے کامیاب ہونے والی شخصیات کی بڑی تعداد بی جے پی کے ٹکٹ پر انتخاب لڑ رہی تھی یا یہ شخصیات ان علاقوں سے کامیاب ہوئیں جہاں ان کی جماعت مضبوط تھی۔
لوگ سبھا کے اب تک کے غیر حتمی نتائج کے مطابق، بی جے پی کے ٹکٹ پر انتخاب لڑنے والے اداکاروں میں سنی دیول، سمرتی ایرانی، بنگالی اداکار دیو، ولن روی کشن، گلوکار بابل سپریو اور ہنس راج اپنے حریفوں سے آگے ہیں۔
دوسری جانب کانگریس کی ٹکٹ پر ممبئی سے انتخابات لڑنے والی ماضی کی معروف اداکارہ ارمیلا ماٹونڈکر سمیت دیگر اداکارائوں کو شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے اور ان کی کامیابی کا کوئی خاص امکان نظر نہیں آ رہا۔
سب سے دلچسپ مقابلہ کانگریس کے صدر راہول گاندھی اور سابق ٹی وی اداکارہ و وفاقی وزیر سمرتی ایرانی کے درمیان ریاست اترپردیش کے حلقے امیٹھی میں ہوا جو کانگریس کے صدر کا آبائی حلقہ ہے۔ ابتدا میں تو کانگریس کے صدر انتخابی دوڑ میں آگے رہے تاہم بعدازاں سمرتی ایرانی بازی لے گئیں۔
یوں یہ انتخابات برصغیر کے سب سے بڑے سیاسی خاندان کے چشم و چراغ کی ایک شوبز فنکارہ کے ہاتھوں شکست کے طور پر یاد رکھے جائیں گے لیکن اس میں کوئی برائی نہیں اور درحقیقت یہ جمہوریت کا حسن ہے۔
شکست کا سامنا کرنے والے فنکاروں میں بالی ووڈ ولن اور آزاد امیدوار پرکاش راج، ماضی کے معروف اداکار اور کانگریس رہنما راج ببر، آل انڈیا ترینومول کانگریس کی جانب سے ماضی کی معروف اداکارہ مون مون سین، ماضی کے معروف اداکار، سینئر سیاست دان اور کانگریس کے رہنماء شتروگھن سنہا، ماضی کی سینئر اداکارہ جیا پرادہ اور سماج وادی پارٹی کی ٹکٹ پر اداکارہ پونم سنہا کو ناکامی کا سامنا کرنا پڑا ہے۔
دوسری جانب بی جے پی کے ٹکٹ پر سینئر اداکارہ کرن کھیر، منوج تیواری، ماضی کی ڈریم گرل ہیما مالنی، آل انڈیا ترینومول کانگریس کی ٹکٹ پر ماڈل و اداکارہ نصرت جہاں روحی اور اداکارہ ممی چکر بوری کامیاب رہی ہیں۔