Get Alerts

عالمی شہرت یافتہ فٹ بالر نیمار پر خاتون پر جنسی حملہ کرنے کا الزام

عالمی شہرت یافتہ برازیلی فٹ بالر نیمار پر خاتون پر مبینہ طور پر جنسی حملہ کرنے کا الزام عائد کیا گیا ہے۔

برازیل میں سائوپائولو پولیس کی جانب سے دائر کی گئی رپورٹ کے مطابق، مبینہ جنسی حملہ کرنے کا یہ واقعہ پیرس کے ایک ہوٹل میں پیش آیا۔ واضح رہے کہ نیمار فٹبال کلب پیرس سینٹ جرمین کے لیے کھیلتے ہیں اور وہ ان دنوں پیرس میں تھے۔

فٹ بالر اور نہ ہی ان کے ترجمان نے اب تک اس حوالے سے کوئی باضابطہ ردعمل ظاہر کیا ہے۔

پولیس کے مطابق، نیمار کا سماجی رابطوں کی ویب سائٹ انسٹاگرام کے ذریعے متاثرہ خاتون سے رابطہ قائم ہوا جس کے بعد نیمار نے ان سے پیرس میں ملاقات کرنے کے لیے کہا۔



پولیس کے مطابق، نیمار نے خاتون کو برازیل سے پیرس جانے کے لیے فضائی ٹکٹ خرید کر دینے کے علاوہ ایک ہوٹل میں کمرہ بھی بک کروا کر دیا۔

پولیس کا کہنا ہے، خاتون نے الزام عائد کیا ہے کہ 15 مئی کو نیمار جب ہوٹل واپس پہنچے تو وہ نشے میں دھت لگ رہے تھے۔ ہم نے کچھ دیر بات چیت کی جس کے بعد نیمار اچانک غصے میں آگئے اور خاتون پر تشدد کرنے کے علاوہ ان پر جنسی حملہ بھی کیا۔

سائوپائولو پولیس کی رپورٹ کے مطابق، خاتون نے فرانسیسی پولیس کو اس بارے میں آگاہ نہیں کیا اور وہ دو روز بعد برازیل واپس آ گئی کیوں کہ اسے جذباتی طور پر دھچکا لگا تھا اور وہ ایک اجنبی ملک میں مقدمہ درج کروانے کے حوالے سے خوف زدہ تھی۔

نیمار کے والد کے خیال میں یہ ان کے بیٹے کو پھنسانے کی سازش ہے۔ اگر زیادہ مجبوری ہوئی تو ہم سچ ثابت کرنے کے لیے نیمار اور اس لڑکی کے درمیان ہونے والی واٹس ایپ گفتگو منظرعام پر لے آئیں گے۔