صحافی رائے ثاقب کھرل نے سماجی روابط کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ٹویٹ کرتے ہوئے بتایا ہے کہ اداکارہ عظمیٰ خان نے پولیس اور عدالت کو اپنا صلح نامہ جمع کرواتے ہوئے ملک ریاض کے خاندان کے خلاف مقدمہ واپس لے لیا ہے اور الزامات کو غلط فہمی کا نتیجہ قرار دے دیا ہے۔
Actress #uzmakhan finally submitted her reconciliation statement to police and judge requesting to withdraw her charges against Malick Riaz family declaring it a misunderstanding. @HniaziISF ??
— Rai Saqib KharaL (@iRaiSaqib) June 2, 2020
صحافی ثاقب کھرل نے اپنی ٹویٹ میں عظمیٰ خان کے وکیل حسان نیازی کو بھی ٹیگ کیا۔ واضح رہے کہ حسان نیازی نے چند روز قبل عظمیٰ خان کیس کے حوالے سے ایک انٹرویو میں کہا تھا کہ میرا ابو اور ماموں بک سکتا ہے، حسان نیازی نہیں بک سکتا۔
وزیراعظم پاکستان عمران خان کے بھانجے، معروف تجزیہ کار حفیظ اللہ نیازی کے بیٹے اور اداکارہ عظمیٰ خان کے وکیل حسان نیازی نے ویب چینل سے بات کرتے ہوئے مزید کہا تھا کہ جب سے ملک ریاض کی بیٹیوں کے خلاف عظمیٰ خان کا کیس لڑنے کا آغاز کیا ہے، مجھے فون پر اطلاع دی جاتی ہے کہ ہمارے لوگ بکتے جا رہے ہیں۔
عظمیٰ خان کے معاملے پر حسان نیازی نے مخالفین پر واضح کیا کہ وہ بکنے والے نہیں ہیں۔ انہوں نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ میرا ابو (حفیظ اللہ نیازی) اور ماموں (عمران خان) بک سکتا ہے، حسان نیازی نہیں بک سکتا۔
انٹرویو میں مزید بات کرتے ہوئے حسان نیازی نے انکشاف کیا کہ ان کے لوگ 2 سے 4 کروڑ میں بک رہے ہیں۔ اس واقعے کے بعد عام آدمی نے اپنی قیمت لگا لی ہے۔ مجھے بھی یہی کہا جا رہا ہے کہ تم بھی پیسے لو اور سائیڈ پر ہو جاؤ۔
حسان نیازی کا کہنا تھا کہ میں ایک کرائے کے گھر میں رہتا ہوں، میں چاہوں تو مجھے پلاٹ اور گھر کی آفر کی گئی ہے، لیکن میں انصاف کے لئے کھڑا ہوں، مجھے کچھ نہیں چاہیے۔
اس کے علاوہ حکومت اور پنجاب پولیس پر تنقید کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ حکومت ملک ریاض کے گھٹنوں میں بیٹھ گئی ہے، ہماری پولیس ملک ریاض کے پاؤں کی میل بن گئی ہے۔
پولیس کے بارے میں مزید بتاتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ مجھے اطلاع دی گئی کہ پولیس کے دو افسران ملک ریاض کے گھر کی طرف جا رہے تھے لیکن آدھے راستے میں ہی شاید انہیں کچھ نظر آگیا یا انہیں بھی خرید لیا گیا، وہ بھی واپس آ گئے۔
دوسری جانب عظمیٰ خان کیس سے جڑی خاتون وکیل خدیجہ صدیقی نے اپنے ٹویٹ میں کہا کہ ہم عظمیٰ خان کے کیس سے علیحدگی کا اعلان کرتے ہیں، لاقانونیت کے خلاف ہماری جدوجہد جاری ہے گی۔
This is to announce that we are disassociating from #UzmaKhan case.I understand the reasons of any settlement by two aggrieved women in a rigged system,my conscience doesn’t allow me to be part of any of that,even in a professional capacity.
Struggle against lawlessness continues
— khadija siddiqi (@khadijasid751) June 1, 2020
خاتون وکیل خدیجہ صدیقی کے اس ٹویٹ کو حسان نیازی نے بھی ریٹویٹ کیا ہے۔
خیال رہے کہ چاند رات کو اداکارہ عظمیٰ خان کے گھر پر ملک ریاض کی بیٹیوں نے مسلح افراد کے ہمراہ حملہ کیا تھا اور انہیں تشدد کا نشانہ بنانے کے بعد جان سے مارنے کی دھمکیاں دی تھیں۔ اس واقعے کی ویڈیوز بھی سامنے آئی تھیں اور واقعے کے بعد اداکارہ عظمیٰ خان نے اعلان کیا تھا کہ وہ ملک کے سب سے طاقتور لوگوں کے خلاف جان کی پرواہ کیے بغیر قانونی جنگ لڑیں گی۔
اب یہ خبر سامنے آئی ہے کہ اداکارہ عظمیٰ خان نے ملک ریاض کے خاندان کے ساتھ صلح کرتے ہوئے واقعے کو غلط فہمی قرار دے دیا ہے۔