پچھلے کئی دنوں سے پاکستان کے قومی منظر پر اداکارہ عظمیٰ خان تشدد کیس چھایا ہوا ہے جس میں ملک کے بااثر ترین رئیل اسٹیٹ ٹائیکون ملک ریاض کی بیٹی بھی ملوث ہے۔
اب اس کیس میں نئی پیش رفت سامنے آئی ہے اور عظمیٰ خان کے وکیل حسان نیازی نے ٹویٹ کرتے ہوئے دعویٰ کیا ہے کہ عظمیٰ خان تشدد کیس کی ایف آئی آر میں نامزد ملزمہ اور ملک ریاض کی بیٹی پشمینہ ملک، ملک چھوڑ کر فرار ہر چکی ہیں۔ انہوں نے لکھا کہ ملک ریاض کی بیٹی جو کہ عظمیٰ خان کیس میں نامزد ہیں ملک چھوڑ کر جا چکی ہیں۔ لاہور پولیس کے اہلکاروں نے پشمینہ کو گرفتار کرنے کی زحمت نہیں کی جس نے اپنی ضمانت بھی نہیں کروائی تھی۔ انہوں نے لکھا کہ یہ آئی جی پنجاب کی ناکامی ہے۔ یوں لگتا ہے جیسے ہمارے صوبے کا کوئی آئی جی نہیں۔
https://twitter.com/HniaziISF/status/1266160907731832832
گذشتہ روز اداکارہ نے لاہور پریس کلب میں پریس کانفرنس کے دوران کہا تھا کہ گذشتہ ہفتے چاند رات پر ملک ریاض کی بیٹیوں کی جانب سے انکے گھر پر دھاوا بولا گیا اور انہیں حبس بے جا میں رکھتے ہوئے گن پوائنٹ پر مار پیٹ کا نشانہ بنایا گیا۔ انہوں نے کسی بھی قسم کی صلح یا معافی کے امکان کو رد کرتے ہوئے کہا کہ وہ انصاف کے لئے لڑیں گی۔
انکے وکیل نے پریس کانفرنس کے دوران کہا کہ آمنہ عثمان کے الزامات درست نہیں کہ وہ گھر جس پر دھاوا بولا گیا وہ انکے شوہر عثمان ملک کا تھا بلکہ وہ گھر عظمیٰ خان کے دوست بابر نسیم کے نام پر کرایہ پر حاصل کیا گیا تھا جس کے عظمیٰ خان کے زیر استعمال ہونے کے تمام دستاویزی ثبوت موجود ہیں۔
ملک ریاض کی بیٹی کی جانب سے ملک سے باہر جانے کے حوالے سے تا حال کوئی وضاحت سامنے نہیں آئی نہ ہی اس حوالے سے لاہور پولیس نے کوئی بیان جاری کیا ہے۔