پنجاب کے شہر اوکاڑہ میں ٹڈیوں کا کاروبار عروج پر، ٹڈیاں پکڑنے والے راتوں رات امیر ہونے لگے

پنجاب کے شہر اوکاڑہ میں ٹڈیوں کا کاروبار عروج پر، ٹڈیاں پکڑنے والے راتوں رات امیر ہونے لگے
پنجاب کے شہر اوکاڑہ کے رہائشیوں نے فصلوں کو نقصان پہنچانے والے ٹڈی دَل سے ایک ہی رات میں ہزاروں روپے کما لیے، پنجاب میں ٹڈیاں 20 روپے کلو فروخت ہونے لگیں۔

پاکستان کے 51 اضلاع میں جاری ٹڈیوں کے حملوں سے جہاں ہزاروں ایکڑ پر پھیلی فصلوں کو نقصان ہو رہا ہے وہیں پنجاب کے شہر اوکاڑہ کے رہائشیوں نے اس قدرتی آفت سے بھی ذریعہ معاش ڈھونڈ نکالا ہے۔ شہریوں نے ٹڈیوں کو پکڑ کر مرغیوں اور مچھلیوں کی خوارک تیار کرنے والی فیکٹریوں کو بیچنا شروع کر دیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق اوکاڑہ کی ایک تنظیم کا ٹڈی دل کے تدارک کیلئے کیا گیا تجربہ انتہائی کامیاب رہا ہے۔ اس تنظیم نے لوگوں سے 20 روپے کلو کے حساب سے ٹڈیاں خرید کر مچھلیوں اور مرغیوں کے کارخانے کو بیچنے کا کام شروع کیا۔

بتایا گیا ہے کہ صرف ایک رات میں ہی ٹڈیاں جمع کرنے والے ہر شخص نے 20 ہزار روپے تک کما لیے۔ اس حساب سے ایک شخص ایک ماہ میں 6 لاکھ روپے تک کما سکتا ہے۔

ٹڈیاں پکڑنے والوں کا کہنا ہے کہ ٹڈیاں رات کے وقت جھنڈ کی شکل میں جمع ہو جاتی ہیں جس کے باعث ان کو پکڑنا آسان ہو جاتا ہے۔

دوسری جانب ملک میں ٹڈی دل کے حملے بھی جاری ہیں۔ اب تک پورے ملک میں 5 لاکھ 2 ہزار 200 ہیکٹرز رقبہ پر سپرے کیا جا چکا ہے۔

نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کے ترجمان کے مطابق اس وقت ملک کے 51 اضلاع میں ٹڈی دل موجود ہے۔ بلوچسستان میں 33، خیبر پختونخوا میں 3، پنجاب میں 3 اور سندھ میں 6 اضلاع متاثر ہوئے ہیں۔

ترجمان کے مطابق کل 1122 ٹیموں لوکسٹ کنٹرول آپریشن میں حصہ لیا ہے۔ گذشتہ 24 گھنٹوں میں 3 لاکھ 68 ہزار ہیکٹر رقبہ کا سروے اور 5300 ہیکٹر رقبہ کا ٹڈی مار ادویات سے ٹریٹمنٹ کیا گیا ہے۔