تحریک انصاف کا الیکشن کمیشن کے فیصلے کو عدالت میں چیلنج کرنے کا اعلان

تحریک انصاف کا الیکشن کمیشن کے فیصلے کو عدالت میں چیلنج کرنے کا اعلان
پاکستان تحریک انصاف نے مخصوص نشستوں پر الیکشن کمیشن کے فیصلے کو عدالت میں چیلنج کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔

پی ٹی آئی رہنما فرخ حبیب کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ الیکشن کمیشن کا فیصلہ آئین کے آرٹیکل 224 (6) کی کھلے عام خلاف ورزی ہے۔ اس فیصلہ کو عدالت میں چیلنج کیا جائے گا۔

فرخ حبیب کا کہنا تھا جی ڈی سیٹ ہونے والی مخصوص نشستوں پر پی ٹی آئی کی ترجیحاتی لسٹ پر نوٹی فیکیشن ہونا چاہیے۔ ‏ الیکشن کمیشن پر پہلے ہی اپنے تحفظات کا اظہار کر چکے ہے۔

https://twitter.com/FarrukhHabibISF/status/1532372809883607040?s=20&t=eztWoJ3j04K6I2sYfqO6pA

خیال رہے کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان ( ای سی پی) نے مسلم لیگ ن کی درخواست کو منظور کرتے ہوئے تحریک انصاف کی مخصوص نشستوں کا نوٹی فیکیشن روک لیا ہے۔

الیکشن کمیشن نے 3 خواتین اور 2 اقلیتی نشستوں پر ارکان کو ڈی سیٹ کیا تھا۔ مخصوص نشستوں پر نوٹی فیکیشن ضمنی الیکشن تک روکا گیا ہے۔ الیکشن کمیشن نے آج مسلم لیگ ن اور پی ٹی آئی کے وکلا کے دلائل سننے کے بعد اپنا فیصلہ محفوظ کیا تھا۔ نوٹی فیکیشن ضمنی الیکشن کے بعد جاری کیا جائے گا۔

یہ بھی پڑھیں: الیکشن کمیشن نے تحریک انصاف کی مخصوص نشستوں کا نوٹی فیکیشن روک لیا

چیف الیکشن کمشنر کی سربراہی میں تین رکنی بنچ نے تحریک انصاف اور مسلم لیگ (ن) کی درخواستوں پر سماعت کی۔ تحریک انصاف نے 3 خواتین اور 2 اقلیتی نشستیں دینے کا مطالبہ کر رکھا تھا جبکہ مسلم لیگ (ن) نے 20 نشستوں پر ضمنی انتخاب کے بعد پارٹی پوزیشن کے تحت نوٹیفکیشن کا مطالبہ کیا۔

لاہور ہائیکورٹ نے 5 مخصوص نشستوں کے معاملے پر الیکشن کمیشن کو 2 جون کو فیصلہ کرنے کا حکم دیا تھا۔ چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ نے الیکشن کمیشن کی جانب سے پانچ مخصوص نشستوں پر اراکین اسمبلی کا نوٹیفکیشن جاری نہ کرنے کے خلاف تحریک انصاف کی درخواست پر سماعت کی تھی جس سلسلے میں الیکشن کمیشن اور پی ٹی آئی کے وکیل عدالت میں پیش ہوئے تھے۔

چیف جسٹس نے الیکشن کمیشن کے وکیل سے استفسار کیا تھا کہ آپ کیوں پراسس نہیں کر رہے، پراسس کہاں رہا ہوا ہے؟ اگر کوئی پارٹی الیکشن کمیشن کے پاس پیش نہ بھی ہو تو الیکشن کمیشن فیصلہ کر دے۔

اس پر وکیل الیکشن کمیشن نے مؤقف اختیار کیا تھا کہ ہم پراسس کر رہے ہیں۔ تحریک انصاف کی جانب سے نوٹیفکیشن جاری کرنے کی درخواست موصول ہوئی ہے جبکہ (ن) لیگ نے نوٹیفکیشن جاری نہ کرنے کے حوالے سے درخواست دائر کی۔ دونوں پارٹیوں کو سننے کے لیے نوٹس جاری کیے گئے، اب یہ معاملہ سننے کے لیے فکس کردیا ہے۔ تحریک انصاف کے وکیل نے کہا کہ الیکشن کمیشن جان بوچھ کر معاملے کو لٹکا رہا ہے۔