امریکی فوڈ اینڈ ڈرگ ایڈمنسٹریشن اتھارٹی نے ایبولا کی دوا ریمڈیسویرکو کرونا وائرس کے علاج کے لیے ہنگامی بنیادوں پر استعمال کرنے کی منظوری دے دی۔
ایف ڈی اے کی جانب سے اجازت دینے کا مطلب یہ ہے کہ اینٹی وائرل کا استعمال اب ان لوگوں پر کیا جاسکتا ہے جو کوووڈ 19 کے باعث تشویشناک حالت میں ہسپتال میں زیر علاج ہیں۔
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بتایا کہ ایف ڈی اے نے کرونا کے مریضوں کے علاج کے لیے ریمڈیسویر کے ہنگامی طور پر استعمال کی منظوری دی ہے۔
ایف ڈی اے نے دوا کی منظوری کو ہسپتالوں میں زیر علاج مریضوں کے لیے انتہائی اہم قدم قرار دیا ہے۔
امریکی فوڈ اینڈ ڈرگ ایڈمنسٹریشن کے سابق کمشنر اسکاٹ گوٹلیب نے خبردار کیا ہے کہ ریمڈیسویر گھر پر کرونا کے علاج کے لیے استعمال نہیں کی جا سکتی۔
ایف ڈی اے کے مطابق یہ دوا صرف کرونا کی علامات دور کرنے میں مددگار ثابت ہو سکتی ہے۔
دوسری جانب امریکی نائب صدر مائیک پینس کا کہنا ہے کہ پیر سے ہسپتالوں میں ریمڈیسویر کی 10 لاکھ ادویات تقسیم کی جائیں گی۔