Get Alerts

کرونا وائرس کی ویکسین جنوری 2021 میں عام استعمال کے لیے دستیاب ہو گی، امریکی دوا ساز کمپنی کا اعلان

کرونا وائرس کی ویکسین جنوری 2021 میں عام استعمال کے لیے دستیاب ہو گی، امریکی دوا ساز کمپنی کا اعلان
امریکہ کی ایک معروف دوا ساز کمپنی نے مہلک ترین کرونا وائرس کی ویکسین کی تیاری سے متعلق بڑا دعویٰ کیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق چین سے پھیلنے والے کرونا وائرس نے چند ماہ کے دوران ہی ساری دنیا کو اپنی لپیٹ میں لے لیا ہے، جس کے باعث دنیا بھر میں 16 لاکھ سے زائد افراد متاثر ہو چکے ہیں۔ وائرس کے باعث ہزاروں افراد کی جانیں جانے کے باوجود اب تک اس کی ویکسین تیار نہیں کی جاسکی ہے البتہ کچھ ممالک اور سائنس دانوں نے اس جان لیوا وائرس کی ویکسین تیار کرنے کا دعویٰ ضرور کیا تھا، اب معروف امریکی دوا ساز کمپنی نے ویکسین کی تیاری میں بڑی پیشرفت کا دعویٰ کیا ہے۔

امریکی میڈیا کا کہنا ہے کہ کمپنی امریکی حکومت کے تعاون سے ویکسین کی تیاری میں مصروف ہے، کمپنی کے چیف سائنٹیفک آفیسر نے امریکی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ ویکسین کی تیاری پر جنوری سے کام شروع کر دیا گیا تھا۔

پال اسٹوفلز کا کہنا ہے کہ ویکسین کی تیاری پر تیزی سے کام جاری ہے، انسانوں پر کلینیکل ٹرائل ستمبر سے شروع کر دیے جائیں گے جبکہ ویکسین جنوری 2021 میں استعمال کے لیے دستیاب ہو گی۔ ابتدا میں پوری دنیا میں ایک ارب ویکسین فراہم کی جائیں گی۔

خیال رہے کہ کرونا وائرس نے دنیا بھر میں اپنے پنجے گاڑ رکھے ہیں جس کے باعث دنیا بھر میں اب تک ایک لاکھ سے زائد افراد دم توڑ چکے ہیں جبکہ 16 لاکھ سے زائد متاثر ہیں۔