نواز شریف کی خاموشی طوفان کا پیش خیمہ یا ایک نیا این آر او؟

نواز شریف کی خاموشی طوفان کا پیش خیمہ یا ایک نیا این آر او؟
سپریم کورٹ سے پنامہ کیس میں نا اہلی کے بعد الیکشن سے کچھ ماہ پہلے تک جب نیب میں نواز شریف کے خلاف مقدمہ چل رہا تھا، نوازشریف اور مریم نواز نے ’ووٹ کو عزت دو‘ کا مزاحمتی بیانیہ بہت شدت سے اپنی تقریروں میں اختیار کیا ہوا تھا اور پورے ملک خصوصاً پنجاب میں بھرپور جلسے بھی کیے۔ عوام نے بھی ان جلسوں میں بھرپور شرکت سے اس بیانیے کو پذیراٸی بخشی لیکن جب الیکشن کمپین کا آغاز ہوا تو نواز شریف اپنی صاحبزادی کے ہمراہ لندن اپنی اہلیہ کی تیمار داری کے لئے روانہ ہو گٸے اورالیکشن مہم کی پوری ذمہ داری شہباز شریف اور حمزہ شہباز کے سپرد کر کے خود سیاسی معاملات سے دوری اختیار کر لی تھی۔

انتخابی مہم چھوڑ کر باہر چلے جانا محض مجبوری نہیں تھی

اس دوری اور خاموشی کی کیا زبان تھی؟ ایک ایسے وقت میں جب پی پی پی، ایم کیو ایم اپنا بیانیہ تبدیل کر کے مقتدر حلقوں کے قریب ہونا چاہتی تھیں تو نواز شریف کا شہباز شریف کو آگے لانا اور خود تیمار داری کرنے کی غرض سے انتخابی مہم چھوڑ کر باہر جانا اور خاموشی اختیار کر لینا محض مجبوری نہیں تھی۔ اس میں ایک خاص پیغام اور حکمت عملی تھی۔ شاید وہ مقتدر حلقوں کوخاموشی کی زبان میں یہ سمجھانا چاہتے تھے کہ مزاحمتی بیانیہ صرف اس سلوک کاردعمل ہے جو آپ نے مجھ سے روا رکھا، جس کے نتیجے میں میری نااہلی ہوٸی اور مجھ پر ریفرینس قاٸم کیے گٸے لیکن میں اب بھی معاملات کو پواٸنٹ آف نو ریٹرن پر نہیں لے جانا چاہتا۔

مقتدر حلقوں نے خاموشی کی زبان کو کسی طوفان کا پیش خیمہ سمجھا

اسی لئے انتخابی مہم میں صرف شہباز کا بیانیہ ہوگا جو کہ آپ کی سوچ کے قریب ہے۔ اس لٸے الیکشن کے معاملات میں دخل اندازی نہ کی جائے کیونکہ اگر اس الیکشن کے بعد ن لیگ کی حکومت قاٸم ہوٸی تو وہ شہباز کا بیانیہ لے کر چلے گی لیکن چونکہ یہ سب خاموشی کی زبان میں کہا گیا اس لٸے اعتبار کرنا مشکل تھا۔ لہٰذا مقتدر حلقوں نے اس خاموشی کی زبان کو نظر انداز کر دیا اوراس خاموشی کو طوفان کا پیش خیمہ سمجھا، جس کے بعد نیب عدالت نے نواز شریف اور مریم نواز کو سزا سنا دی۔ لیکن اس کے باوجود شریف برادران نے اپنی حکمت عملی نہ بدلی اور وہ مریم نواز کے ہمراہ اپنی بیمار اہلیہ کو چھوڑ کر وطن واپس آئے اور بغیر کسی مزاحمت کے گرفتاری دے دی اور جیل چلے گٸے۔ شہباز شریف کی ریلی بھی اٸرپورٹ سے دور ہی رہی۔

اگر آپ ذاتی دکھوں کو قوم کے مسائل پر ترجیح دیں گے تو وہ دکھ ہی رہیں گے، قربانیاں نہیں

میری ذاتی رائے میں ایک لیڈر کے یہ شایان شان نہیں کہ وہ انتخابی مہم کو چھوڑ کر اپنے ذاتی دکھ اور تکلیف کو قومی معاملات پر ترجیح دے کر اہلیہ کی تیمار داری کو چلا جائے۔ بلاشبہ اپنے والد کو کاندھا نہ دے پانا اور اپنی اہلیہ کے ساتھ آخری لمحات نہ گزار سکنا اور اسے بستر مرگ پر چھوڑ کر واپس پاکستان آنا بڑے دکھ ہیں جنہیں جھیلنا آسان نہیں لیکن یہ دکھ قربانی اس وقت ہی کہلائے جا سکتے ہیں جب آپ ان دکھوں پر عوام کو اور ملک کو ترجیح دیں۔ اگر آپ ان دکھوں کو لے کر مہینوں خاموش رہیں گے تو یہ دکھ ہی کہلاٸیں گے قربانی نہیں۔

گرفتاری کے بعد یہ خیال کیا جا رہا تھا کہ نواز شریف کو اگر ہاٸی کورٹ سے ریلیف مل گیا اور وہ باہر آ گٸے تو وہ اپنی خاموشی توڑ دیں گے اور دو ٹوک جارحانہ مؤقف کے ساتھ اپنی سیاست کو ایک نیا رنگ دیں گے لیکن اس سے پہلے کہ اسلام آباد ہاٸی کورٹ کوٸی فیصلہ کرتی، کلثوم نواز کا انتقال ہو گیا اور میاں صاحب پیرول پر رہا ہوئے اور بعد میں ہاٸی کورٹ نے ان کی سزا معطل کر کے رہا کر دیا۔

میاں صاحب پیغام دینا چاہتے ہیں کہ بہتری اسی میں ہے کہ مجھے ریلیف دے دیا جائے

اس رہاٸی کے باوجود میاں صاحب نے خود کو سیاسی معاملات سے دور رکھا ہوا ہے اور فی الحال وہ یہ ظاہر کرتے ہیں کہ وہ ابھی تک کلثوم نواز کے غم سے باہر نہیں نکل پائے اور جب بولتے بھی ہیں تو شکوہ ہی کرتے ہیں اور ایسا لگتا ہے کہ وہ کسی کو احساس دلانا چاہتے ہیں اور متنبہ کرنا چاہتے ہیں کہ میرے ساتھ جو ہو رہا ہے اس کے بعد مجھ سے کسی خیر کی توقع نہ رکھی جائے۔ بہتری اسی میں ہے کہ مجھے ریلیف دے دیا جائے۔ میں اب بھی اپنے دروازے کھلے رکھنا چاہتا ہوں لیکن اعتماد سازی کے لئے پہلے مجھے کچھ ریلیف دیا جائے۔

یہ خاموشی وقت کے ساتھ مجرمانہ تصور ہونے لگے گی

میاں صاحب آپ ملک کے بڑے لیڈر ہیں۔ آپ پر پوری قوم کی ذمہ داری ہے۔ آپ اس طرح زیادہ دیر خاموش نہیں رہ سکتے۔ یہ خاموشی وقت کے ساتھ مجرمانہ تصور ہونے لگے گی۔ آپ کو اپنے ذاتی معاملات اور دکھوں پر عوام کو ترجیح دینا ہوگی۔ اگر آپ سمجھتے ہیں کہ عوام کی رائے پر ڈاکہ ڈالا گیا ہے اور سیاسی معاملات میں کہیں سے مداخلت ہو رہی ہے تو آپ کو بولنا ہوگا ورنہ خاموشی کی زبان کا ترجمہ سب اپنی مرضی سے کرتے ہیں۔ خاموشی کی زبان کا یہ مطلب بھی لیا جا سکتا ہے کہ آپ غیر اعلانیہ ڈیل کرنا چاہتے ہیں اور خاموشی کے ذریعے خاموشی کی زبان سمجھنے والوں کو سمجھانا چاہتے ہیں کہ آپ ووٹ کو عزت دو کے بیانیے سے پیچھے ہٹ گئے ہیں یا ہٹنا چاہتے ہیں۔

اگر کوٸی مناسب آفر کر دے تو آپ اسے قبول کرنے کی خواہش ضرور رکھتے ہیں، جس کا اظہار آپ خاموشی کی زبان میں کر رہے ہیں

اس لئے اپنے فیصلے پر نظر ثانی کیجئے اور کچھ ریلیف دیا جائے۔ لوگ کہہ رہے ہیں کہ آپ کی خاموشی کے پیچھے کوٸی این آر او ہے یا آپ این آر او مانگ رہے ہیں جس کے جواب میں آپ نے دو ٹوک الفاظ میں کہا کہ اگر ایسا ہے تو ہمت کر کے این آر او لینے اور دینے والوں کے نام بتاٸے جاٸیں۔ این آراو کی ضرورت ہمیں نہیں کسی اور کو ہے۔ ہم نے کوٸی این آر او نہیں مانگا۔

لیکن میاں صاحب کیا ہی اچھا ہوتا اگر آپ دو ٹوک الفاظ میں یہ بھی کہہ دیتے کہ اگر کوٸی این آر او دے گا بھی تو ہم نہیں لیں گے لیکن آپ نے کسی بھی موقع پر یہ نہیں کہا۔ اسی وجہ سے میں آپ کی خاموشی اور بیانات کو مد نظر رکھ کر یہ نتیجہ اخذ کرنے پر مجبور ہوں کہ نہ تو آپ نے کوٸی این آر او مانگا ہے اور نہ کسی نے آپ کو وہ این آر او آفر کیا ہے جو آپ چاہتے ہیں۔ لیکن اگر کوٸی مناسب آفر کر دے تو آپ اسے قبول کرنے کی خواہش ضرور رکھتے ہیں، جس کا اظہار آپ خاموشی کی زبان میں کر رہے ہیں۔ مگر یاد رہے کہ خاموشی کی زبان سمجھنے والوں کو یہ خاموشی طوفان کا پیش خیمہ بھی لگ سکتی ہے اور وہ آپ کو مزید مشکل میں بھی ڈال سکتے ہیں۔

مصنف کیمسٹری میں ماسٹرز ہیں، اور کراچی یونیورسٹی میں ابلاغیات کی تعلیم بھی حاصل کر رہے ہیں۔