بلوچستان: رواں ہفتے کا احوال (26 اگست تا یکم ستمبر)

بلوچستان: رواں ہفتے کا احوال (26 اگست تا یکم ستمبر)

بلوچستان کے وزرا پر نوازشات کا آغاز ہو گیا


صوبائی وزرا اور مشیران کو حلف اٹھاتے ہی 15 چمچماتی گاڑیاں مل گئیں، ایک گاڑی کی قیمت 64 لاکھ 50 ہزار روپے


وزرا کا پرانی گاڑی لینے سے گریز، گاڑیوں کی خریداری سے خزانے پر 9 کروڑ 67 لاکھ روپے کا بوجھ پڑے گا


بلوچستان کے وزرا پر نوازشات کا آغاز ہو گیا۔ حلف اٹھاتے ہی 15 بیش قیمت چمچماتی گاڑیاں صوبائی وزرا اور مشیران کے حوالے کر دی گئیں۔ صوبائی وزرا کو فراہم کی گئی ایک گاڑی کی قیمت 64 لاکھ 50 ہزار روپے ہے۔ کابینہ میں شامل صوبائی وزرا میں سے کسی ایک نے بھی پرانی گاڑی لینے کی حامی نہ بھری۔ دیکھا دیکھی سیکریٹریز اور بیوکریٹس نے بھی نئی گاڑیوں کی فرمائش کر دی ہے۔ سمری جلد محکمہ ایس اینڈ جی اے ڈی کو ارسال کیے جانے کا امکان ہے۔ گاڑیوں کی خریداری سے خزانے کو 9 کروڑ 67 لاکھ روپے سے زائد کا بوجھ اٹھانا پڑے گا۔ تفصیلات کے مطابق وفاق میں تو تبدیلی آ گئی مگر غریب صوبے میں سیاستدان اور وزرا نے اپنی روش نہ بدلی۔ صوبائی کابینہ کے حلف اٹھانے کے اگلے روز ہی صوبائی وزرا اور مشیروں کو 15 عدد 2700 سی سی بیش قیمت گاڑیاں فراہم کر دی گئی ہیں۔ صوبائی کابینہ کے پہلے مرحلے میں 10 صوبائی وزرا اور ایک مشیر کو شامل کیا گیا ہے، دوسرے مرحلے میں 4 مزید وزرا اور 5 مشیروں کو شامل کیا جانا باقی ہے۔ تاہم بلوچستان جو پہلے ہی معاشی طور پر تشویشناک صورتحال کا سامنا کر رہا ہے، ایک بار پھر صوبے کے خزانے پر مجموعی طور پر گاڑیوں کی خریداری سے 9 کروڑ 67 لاکھ روپے سے زائد کا اضافی بوجھ ڈال دیا گیا، جبکہ صوبائی وزرا کی دیکھا دیکھی مختلف محکموں کے سیکرٹریز اور بیوروکریٹس نے بھی اپنے لئے نئی گاڑیوں کی فرمائش کر ڈالی ہے۔ اس حوالے سے مختلف محکموں سے سمریاں بھی جلد ہی وزیراعلیٰ کو ارسال کیے جانے کی تیاری کی جا رہی ہے۔






پاکستان کی پہلی خاتون چیف جسٹس مقرر


جسٹس سیدہ طاہرہ صفدر نے بلوچستان کی 18 ویں چیف جسٹس کی حیثیت سے حلف اٹھا لیا


جسٹس سیدہ طاہرہ صفدر پہلی خاتون چیف جسٹس ہائیکورٹ بن گئیں


چیف جسٹس سیدہ طاہرہ صفدر نے اپنے عہدے کا حلف اٹھالیا۔ حلف برداری کی تقریب گورنر ہاؤس بلوچستان میں منعقد ہوئی جس میں وزیراعلیٰ بلوچستان نواب جام کمال، عدالتی حکام اور سینیئر وکلاء نے شرکت کی۔ گورنر بلوچستان محمد خان اچکزئی نے بلوچستان ہائیکورٹ کی 18 ویں اور پہلی خاتون چیف جسٹس سے حلف لیا۔ جسٹس سیدہ طاہرہ صفدر کو محمد نور مسکانزئی کی ریٹائرمنٹ کے بعد سینیئر ترین جج کی حیثیت سے چیف جسٹس مقرر کیا گیا تھا۔ چیف جسٹس سیدہ طاہرہ صفدر نے 1980 میں لاء کالج کوئٹہ سے قانون کی ڈگری حاصل کی، 1982 میں انہیں پہلی خاتون سول جج کا اعزز حاصل ہوا، وہ 1987 میں سینئر سول جج، 1991 میں ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج اور 1996 میں ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج رہیں۔ جسٹس سیدہ طاہرہ صفدر 22 نومبر 2013 کو سابق صدر جنرل پرویز مشرف کے خلاف سنگین غداری کیس میں تین رکنی بینچ کی ممبر بنیں۔ 2009 میں انہیں بلوچستان ہائیکورٹ کے ایڈیشنل جج کی حیثیت سے تعینات کیا گیا جبکہ انہوں نے مئی 2011 میں ہائیکورٹ کے مستقل جج کی حیثیت سے حلف اٹھایا۔ اس سے قبل وہ بلوچستان پبلک سروس ٹربیونل کی چیئرپرسن بھی رہ چکی تھیں۔ جسٹس سیدہ طاہرہ صفدر کو ملک کے کسی بھی صوبے کی پہلی خاتون چیف جسٹس ہونے کا اعزاز حاصل ہو گیا ہے۔ وزیراعلیٰ بلوچستان نے چیف جسٹس کو مبارکباد دیتے ہوئے ان کے لئے نیک تمناؤں کا پیغام بھی دیا۔








جمہوریت کے خلاف سازشیں کرنے والی قوتیں ناکام رہیں گی، محمود اچکزئی


پاکستان چلانے، بچانے اور اسے باوقاربنانے کے لئے جمہوریت مضبوط راستہ ہے، حالیہ عام انتخابات میں ریکارڈ دھاندلی ہوئی، سربراہ پی کے میپ


آئین کی پاسداری ہر فرد پر لازم ہے چاہے وہ جو بھی ہو، جو آئین کی پاسداری نہیں کرے گا اس کی ہم مخالفت کرتے رہیں گے، محمود اچکزئی


پشتونخواء ملی عوامی پارٹی کے سربراہ محمود خان اچکزئی نے کہا ہے کہ پاکستان کو چلانے، بچانے اور باوقار ملک بنانے کے لئے جمہوریت مضبوط راستہ ہے۔ جمہوریت کو کمزور کرنے والی قوتوں کی وجہ سے آج ملک بحرانوں سے دو چار ہے۔ لیڈر ایجاد نہیں ہوتے بلکہ پیدا ہوتے ہیں۔ جن قوتوں نے جمہوریت کے خلاف سازش کی ہے وہ ہمیشہ ناکامی سے دو چار ہوں گی۔ عام انتخابات میں ریکارڈ دھاندلی کی گئی۔ ہم نے ہمیشہ جمہوری قوتوں کا ساتھ دیا ہے اور دیتے رہیں گے۔ محمود اچکزئی نے کہا کہ پاکستان کو ہمسایہ ممالک کے ساتھ اچھے تعلقات استوار کرنے کی ضرورت ہے۔ پاکستان کو خطے میں باوقار ملک بنانے کے لئے یہاں جمہوری نظام کو مضبوط بنانے کی ضرورت ہے۔ آئین کی پاسداری ہر فرد پر لازم ہے چاہے وہ جو بھی ہے۔ جو آئین کی پاسداری نہیں کرے گا، اس کی ہم مخالفت کرتے رہیں گے۔ انہوں نے کہا کہ افغانستان میں مداخلت بند ہونی چاہیے۔ جب ہم دوسرے کے معاملات میں مداخلت کرتے ہیں تو پھر ہم بھی محفوظ نہیں رہ سکتے۔






بلوچستان، دھماکے میں 1 شخص جاں بحق


دھماکہ ریموٹ کنٹرول تھا


بلوچستام کے علاقے قلات میں ریموٹ کنٹرول دھماکے سے ایک شخص جاں بحق ہو گیا۔ مقامی ذرائع کے مطابق نیمرغ میں زیر زمین چھپائی گئی بارودی سرنگ کا دھماکہ ہوا۔ دھماکے کے بعد لیویز نے علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کر دیا۔






جمعیت کے تحت گستاخانہ خاکوں کے خلاف احتجاجی مظاہرے، ریلیاں


ہالینڈ کے ملعون نے ناموس رسالت کی شان میں گستاخی کر کے جذبات کو مجروح کیا، 7 ستمبر کو یوم دفاع ختم نبوت اور دفاع پاکستان منانے کا اعلان


کوئٹہ پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے جے یو آئی ف کے مرکزی و صوبائی رہنماؤں کا کہنا تھا کہ پاکستان اس وقت مضبوط ہوگا جب یہاں ختم نبوت کا قانون مستحکم، اسلامی اقدار محفوظ اور اس پر کوئی قدغن نہیں لگائی جائے گی۔ ناموس رسالت کی شان میں گستاخی کر کے امت مسلمہ کے جذبات کو مجروح کیا گیا۔ رہنماؤں کا کہنا تھا کہ دین اسلام اور قرآن و سنت سے دوری کے باعث امت مسلمہ مظلومیت کا شکار ہے۔ ہمیں ایک نڈر قیادت کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ گستاخانہ خاکوں کے مقابلے سے ہالینڈ کی اسلام دشمنی کھل کر سامنے آ گئی ہے۔ یو این تماشا دیکھنے کی بجائے قانون بنائے جس میں ہر پیغمبر کی شان میں گستاخی کو جرم اور اس کی سزا موت مقرر کرے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ حکومت ہالینڈ سے سفارتی تعلقات ختم کرنے کا اعلان کرے اور ہالینڈ کے سفیر کو ناپسندیدہ شخصیت قرار دے کر ملک بدر کیا جائے۔ گستاخانہ خاکوں کا مقابلہ کرانے والے اسلام کے سب سے بڑے دشمن ہیں، جنہوں نے گستاخانہ خاکے چھاپ کر مسلمانوں کے جذبات سے کھیلا ہے۔ مسلمان ہر بات کو برداشت کر سکتا ہے لیکن پیغمبر آخرالزماں کی شان میں گستاخی کو برداشت نہیں کر سکتا۔