پی ٹی آئی کے رہنما عامر لیاقت حسین اور ان کی اہلیہ سیدہ طوبیٰ کے درمیان طلاق کی خبریں ان دنوں سوشل میڈیا پر خوب وائرل ہو رہی ہیں، اسی دوران طوبیٰ کی ایک ایسی ویڈیو بھی منظر عام پر آئی ہے جس میں وہ زار وقطار رو رہی ہیں۔
واضح رہے کہ عامر لیاقت اور انکی اہلیہ کے درمیان علیحدگی کی خبریں اس وقت سامنے آئیں جب سیدہ طوبیٰ نے اپنے ساتھ عامر لیاقت کا نام ہٹا کر اپنے والد کا نام دوبارہ لگایا۔
اس کے بعد سوشل میڈیا صارفین نے اس حوالے سے تشویش کا اظہار کیا کہ شاید عامر لیاقت اور انکی اہلیہ کی طلاق ہو گئی ہے۔
تاہم ایسا کچھ نہیں ہوا، ڈاکٹر عامر لیاقت حسین نے اس حوالے سے ایک ویڈیو بھی جاری کی ہے جس میں ان کی اہلیہ اپنے شوہر کا شکریہ ادا کر رہی ہیں کیونکہ انہوں نے ان کی کھوئی ہوئی بلی دوبارہ سے ڈھونڈ کر دی ہے۔
ڈاکٹر عامر لیاقت نے ساتھ کیپشن میں لکھا کہ ’’یہ اب بھی میری بیوی ہے‘‘۔ عامر لیاقت نے کہا خواتین کیوں شادی کے بعد اپنے نام کے ساتھ لگا والد کا نام ہٹا کر اپنے شوہر کا نام لگا لیتی ہیں؟ طوبیٰ نے میرے کہنے پر ہی اپنے نام کے ساتھ دوبارہ اپنے والد کا نام لگایا۔
اس کےساتھ ہی عامر لیاقت نے سیدہ طوبیٰ کے آنے والے پروجیکٹ کے بارے میں بھی بتایا کہ وہ ان کے دوست بہروز سبزواری کے بیٹے شہروز سبزواری کے ساتھ کام کر رہی ہیں اور وہ ان دونوں کے لیے بہت خوش ہیں اور دونوں کی کامیابی کے لیے دعا کرتے ہیں۔