اگست اور ستمبر میں دو بڑی بھارتی فلموں کی غیر متوقع ناکامیوں نے بہت سے لوگوں کے خواب چکنا چور کر دیے۔ راکنگ اسٹار یش کی ’ ٹاکسک‘ اور عوامی ہیرو سنی دیول کی ’ بٹوارہ 1948‘ باکس آفس پر فلاپ ہو گئیں، جس نے بالی ووڈ میں بھونچال کی سی کیفیت پیدا کر دی ہے۔
’ ٹاکسک‘ خواب تھا یش کا، جو ’کے جی ایف 1‘ اور ’کے جی ایف 2‘ کی بلاک بسٹر کامیابیوں کے بعد پین انڈیا سپر اسٹار بن چکا تھا۔ ’ ٹاکسک‘ خواب تھا رائٹر، ڈائریکٹر گیتو موہن داس کا، جس نے عورت ہو کر مرد ڈائریکٹر کی طرح لارجَر دین لائف سنیما بنانے کی سوچی تھی۔ یش اور گیتو نے مل کر اسکرپٹ لکھا۔ کہا جاتا ہے کہ ’ ٹاکسک‘ کا پہلا ہاف یش نے اور دوسرا ہاف گیتو موہن داس نے بطور ڈائریکٹر بنایا ہے، مگر نام صرف گیتو کا دیا ہے۔ یش، جو ’ ٹاکسک‘ کا فلمساز بھی ہے، یہ اس کا فیصلہ ہے۔
فلم کا بجٹ 650 کروڑ ہے۔ فلم کو بھارت اور دنیا بھر کے 9 ہزار سینما گھروں میں ریلیز کیا گیا۔ کنگ شاہ رخ خان اور سلمان خان کی فلمیں پورے بھارت میں ریلیز نہیں ہوتیں، مگر یش کی فلم پورے بھارت میں ہندی، اردو، تمل، ملیالم، کنڑ، تیلگو اور انگریزی میں ریلیز کی گئی۔ فلم پہلے چھ دن میں صرف 300 کروڑ کمانے میں کامیاب رہی، جبکہ توقعات 500 کروڑ کی تھیں۔ بزنس دن بدن کم ہوتا جا رہا ہے۔ زیادہ سے زیادہ 450 کروڑ تک جائے گا۔ ’ ٹاکسک‘ بدترین ناکامی سے دوچار رہی ہے۔
’ بٹوارہ 1948‘ عامر خان، فلمساز راج کمار سنتوشی، مصنف و ہدایتکار اصغر وجاہت، بلند پایہ کہانی کار، سنی دیول، ایکشن کنگ اور عوامی ہیرو، گیت نگار جاوید اختر اور موسیقار اے۔ آر۔ رحمان کا خواب تھا۔ فلم 120 کروڑ کے بجٹ سے بنی۔ بہترین پروموشن کے بعد ریلیز کی گئی۔
انسانیت کی کہانی کو عوام نے نہیں دیکھا۔ سنی دیول کا ایکشن نہیں تھا، شاندار اداکاری تھی، بدن کی بولی، چہرے کے تاثرات، سب لاجواب تھے۔ شبانہ اعظمی کی دل کو چھو لینے والی اداکاری تھی، مگر سب بے اثر رہا۔ فلم اب تک صرف 60 کروڑ تک کمانے میں کامیاب رہی اور فلاپ ہو گئی۔
اگست، ستمبر بہت ستمگر رہے۔ بہت سے خواب بکھیر گئے۔