کرونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے سندھ حکومت نے نماز جمعہ کے اجتماع کو محدود اور دوپہر 12 بجے سے سہ پہر 3 بجے تک مکمل لاک ڈاؤن کا اعلان کیا تھا۔ ایسے میں کراچی کے علاقے لیاقت آباد میں پابندی کے باوجود نماز جمعہ کا اجتماع منعقد کرنے پر پولیس کارروائی کے لیے پہنچی تو امام مسجد کے اُکسانے پر لوگوں نے پولیس پر حملہ کر دیا۔
مشتعل شہریوں کی بڑی تعداد نے پولیس اہلکاروں کو تشدد کا نشانہ بنایا جس کے نتیجے میں 2 اہلکار زخمی ہوگئے۔
پولیس کے مطابق دیگر اہلکاروں کو ایک شہری نے گھر میں پناہ دے کر تشدد سے بچایا۔ بعد ازاں پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے لاک ڈاؤن کی خلاف ورزی پر امام مسجد کو حراست میں لے لیا۔
دوسری جانب شہریوں کے پولیس اہلکاروں پر تشدد کی ویڈیوز سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہورہی ہیں جس پر شدید تنقید کی جا رہی ہے۔
لیاقت آباد 8 نمبر غوثیہ مسجد کے روڈ پر جمعے کی نماز پر عوام کی پولیس سے ہاتھا پائی
عوام نے پولیس اہلکاروں کو امام مسجد کے اکسانے پر تشدد کا نشانہ بنا ڈالا۔ #CoronavirusPandemic #Karachi #GhosiaMosque #Pakistan pic.twitter.com/e1O4pzZPjT
— NayaDaur Urdu (@nayadaurpk_urdu) April 3, 2020