حکومت کا ممنوعہ فنڈنگ کیس فیصلے پر تحریک انصاف کے خلاف سپریم کورٹ جانے کا فیصلہ

حکومت کا ممنوعہ فنڈنگ کیس فیصلے پر تحریک انصاف کے خلاف سپریم کورٹ جانے کا فیصلہ
حکومت نے ممنوعہ فنڈنگ کیس میں الیکشن کمیشن کے فیصلے پر سپریم کورٹ جانے کا فیصلہ کرلیا ہے اور حکومت کی جانب سے عمران خان کی نا اہلی اور تحریک انصاف پر پابندی کی رٹ دائر کی جائے گی۔

تفصیلات کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت اعلی سطحی اجلاس ہوا جس میں الیکشن کمیشن فیصلہ پر قانونی ٹیم کی جانب سے وزیراعظم کو تفصیلی بریفنگ دی گئی، ذرائع نے بتایا کہ حکومت نے الیکشن کمیشن کے فیصلے پر سپریم کورٹ جانے کا فیصلہ کر لیا ہے۔

ذرائع کے مطابق فیصلہ کیا گیا کہ سابق وزیراعظم عمران خان کی نا اہلی اور تحریک انصاف پر پابندی کی رٹ دائر کی جائے گی۔

ذرائع کے مطابق اجلاس میں حکومتی اتحادیوں کو بھی اعتماد میں لینے کا فیصلہ کیا گیا اور وزارت قانون کو ہدایت کی گئی ہے کہ فوری رٹ تیار کی جائے۔

نجی ٹی وی نے اپنے ذرائع کے حوالے سے بتایاہے کہ ایک سے دو روز میں عمران خان کی نا اہلی اور پی ٹی آئی پر پابندی کی رٹ سپریم کورٹ میں دائر کر دی جائے گی۔

گذشتہ روز وزیراعظم شہبازشریف کی سربراہی میں حکمراں اتحاد پی ڈی ایم کا سربراہی اجلاس ہوا تھا جس میں پی ٹی آئی کیخلاف سیاسی اورقانونی محاذ پرسخت فیصلے کرنے پر اتفاق ہوا۔

وزیراعظم ہاﺅس میں اتحادی جماعتوں اورپی ڈی ایم کے سربراہی اجلاس میں وزیرقانون اعظم نذیرتارڑ نے پی ٹی آئی فنڈنگ کیس کے فیصلے پر بریفنگ دی سیاسی اورقانونی کمیٹیاں تشکیل دی گئیں، قانونی کمیٹی الیکشن کمیشن کے فیصلے پر پی ٹی آئی کیخلاف کاروائی تجویز کرے گی سیاسی کمیٹی سیاسی محاذپراقدامات تجویزکرے گی قانونی کمیٹی کی رائے پرکابینہ سے منظوری لی جائے گی خورشیدشاہ کو سیاسی کمیٹی جبکہ اعظم نذیرتارڑکو قانونی کمیٹی کا سربراہ بنایا گیا ہے.