Get Alerts

ضرورت پڑی تو گرفتاری بھی کی جائے گی، عجلت میں کوئی کام نہیں کریں گے: وزیر داخلہ

ضرورت پڑی تو گرفتاری بھی کی جائے گی، عجلت میں کوئی کام نہیں کریں گے: وزیر داخلہ
وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ نے کہا ہے کہ قانون کے مطابق کسی کا نام ای سی ایل میں ڈالا جا سکتا ہے۔ اگر کسی کو گرفتار کرنے کی ضرورت پیش آئی تو کریں گے۔ تاہم ہم جلد بازی میں کوئی کام نہیں کریں گے۔ ہر کام قانون اور انصاف کے دائرے میں رہ کر کریں گے۔

پی ڈی ایم اجلاس کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ ریڈ زون میں داخلے کی اجازت قطعاً نہیں دی جائے گی۔ رپورٹس ہیں کہ پی ٹی آئی والے الیکشن کمیشن پر حملہ آور ہو سکتے ہیں۔ پی ٹی آئی کو خبردار کرتا ہوں کہ کل ریڈ زون میں داخل ہونے کی کوشش نہ کریں۔

ان کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کل احتجاج کے نام پر انتشار پھیلانا چاہتی ہے۔ وفاقی دارالحکومت کے ریڈ زون میں احتجاج پر سختی سے پابندی ہے۔ پرامن احتجاج ہر سیاسی جماعت کا حق ہے۔ ریڈ زون سے باہر مختص جگہوں پر پی ٹی آئی والے احتجاج کر سکتے ہیں۔

https://twitter.com/pmln_org/status/1554819470715150336?s=20&t=SlhlbH9_KO0ijdW-Oj3uWw

رانا ثناء اللہ نے کہا کہ مختص کردہ جگہ پر سیکورٹی بھی فراہم کی جائے گی۔ ایف نائن پارک اور پریڈ گرائونڈ میں پرامن احتجاج کیا جا سکتا ہے۔ اگر کسی نے قانون ہاتھ میں لینے کی کوشش کی تو سختی سے نمٹا جائے گا۔ وفاقی دارالحکومت کے ریڈ زون میں احتجاج کی اجازت نہیں ہے۔

انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی غیر ملکی ممنوعہ فنڈنگ سے چلنے والی پارٹی ثابت ہو چکی ہے۔ عمران خان نے ممنوعہ فنڈنگ کے ذریعے پاکستان کی سیاست میں نفرت کے بیج بوئے۔ عمران خان نے سیاست میں ''اوئے توئے'' کا کلچر روشناس کرایا۔ عمران خان نے نفرت، عدم برداشت اور گالم گلوچ کا کلچر متعارف کرایا۔

وزیر داخلہ نے کہا کہ الیکشن کمیشن کے فیصلے کے بعد عمران خان بیرونی طاقتوں کے ایجنٹ ثابت ہوئے ہیں۔ عمران خان نے ملک میں نفرت اور انتشار پھیلانے کے لئے بیرون ممالک سے پیسے منگوائے۔

انہوں نے بتایا کہ وفاقی کابینہ کا کل اہم اجلاس ہوگا جس میں الیکشن کمیشن کے فیصلے کی روشنی میں اہم فیصلے کئے جائیں گے۔