سعودی عرب نے کرونا وبا کے باعث 20 ممالک سے مسافروں کے داخلے پر پابندی عائد کردی جس میں پاکستان بھی شامل ہے تاہم اس پابندی سے سفارت کاروں، سعودی شہریوں اور کورونا وائرس کا پھیلاؤ روکنے میں معاونت کرنے کے لیے ڈاکٹروں اور ان کے اہلِ خانہ کو استثنٰی حاصل ہے۔
سعودی پریس ایجنسی کے مطابق سعودی وزارت داخلہ نے اعلان کیا ہے کہ یہ 'عارضی پابندی' بدھ کے روز صبح 9 بجے سے نافذ العمل ہوگی۔
علاوہ ازیں اس پابندی کا اطلاق پڑوسی ممالک مصر اور متحدہ عرب امارات سے لے کر خطے میں لبنان اور ترکی تک ہوگا۔ یورپ میں جن ممالک سے مسافروں کی آمد پر پابندی ہوگی ان میں برطانیہ، فرانس، جرمنی، آئرلینڈ، اٹلی، پرتگال، سویڈن اور سوئٹزرلینڈ شامل ہیں۔
ان کے علاوہ امریکا، ارجنٹینا، برازیل، پاکستان، بھارت، انڈونیشیا،جاپان اور جنوبی افریقہ بھی اس فہرست میں شامل ہیں۔
سعودی عرب کے سفارت خانے نے اس سلسلے میں وزارت خارجہ کو ایک خط بھی ارسال کیا ہے۔
خط میں کہا گیا ہے کہ 'ان میں دیگر ممالک سے آنے والے وہ افراد بھی شامل ہیں جو سعودی عرب میں داخلے کی خواہش سے پہلے کے 14 روز کے دوران مذکورہ بالا ممالک سے گزرے ہوں تاہم مملکت سعودی وزارت صحت کے متعین کردہ حفاظتی اقدامات کے تحت ان ممالک سے بلا تعطل سپلائی چین اور شپنگ کی نقل و حرکت یقینی بنائے گی'۔
پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائنز کے ترجمان نے کہا کہ سعودی عرب نے پاکستان سے مسافروں کی آمد پر 3 فروری کی صبح 9 بجے سے دوبارہ پابندی عائد کردی ہے جس کے بعد کوئی مسافر پاکستان سے سعودی عرب سفر نہیں کرسکتا۔