Get Alerts

7 فروری کو آل پارٹیز کانفرنس طلب، عمران خان کو بھی مدعو کر لیا

7 فروری کو آل پارٹیز کانفرنس طلب، عمران خان کو بھی مدعو کر لیا
وزیراعظم شہباز شریف نے اہم قومی مسائل پر 7 فروری کو آل پارٹیز کانفرنس (اے پی سی) طلب کر لی۔ اہم اجلاس کے لئے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان کو بھی مدعو کرلیا۔

وزیراعظم آفس کی جانب سے جمعرات کی رات کو جاری کیے گئے اعلامیے کے مطابق ’ملک کے تمام قومی سیاسی قائدین کو اے پی سی میں شرکت کی باضابطہ دعوت دے دی گئی ہے۔‘

قومی چیلنجز پر تمام سیاسی قائدین کو ایک میز پر بٹھانے کا فیصلہ کیا ہے جو ملکی سیاسی منظر نامے پر بڑی سیاسی پیش رفت ہے۔ چیئرمین تحریک انصاف عمران خان سمیت اسد قیصر اور پریوز خٹک کو بھی کانفرنس میں شرکت کے لئے دعوت دی گئی ہے۔

کُل جماعتی کانفرنس7 فروری بروز منگل اسلام آباد میں ہوگی ۔

آل پارٹیز کانفرنس کے حوالے سے جاری اعلامیے میں بتایا گیا کہ وفاقی وزیر سردار ایاز صادق نے سابق اسپیکر قومی اسمبلی اور پی ٹی آئی کے رہنما اسد قیصر اور سابق وزیردفاع پرویز خٹک سے رابطہ کیا اور وزیراعظم کی طرف سے عمران خان کو اے پی سی میں شرکت کے لیے دعوت کا پیغام پہنچایا۔

وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب کی جانب سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم تمام سیاسی جماعتوں کے سربراہوں کو مشترکہ بات چیت کے لیے میز پر لانے اور قومی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے حل تلاش کرنے کی کوششیں کر رہے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ وفاقی وزیر ایاز صادق نے آئندہ سربراہی اجلاس میں شرکت کو یقینی بنانے کے لیے اسد قیصر اور پرویز خٹک سمیت پی ٹی آئی کے اعلیٰ رہنماؤں سے رابطہ کرنا شروع کر دیا ہے۔

دوسری جانب تحریک انصاف کے رہنما اسد قیصر نے ایاز صادق کے ذریعے عمران خان کو اے پی سی میں شرکت کی دعوت کی تصدیق کر دی۔

ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ ’حکومت نے اے پی سی اور ایپکس کمیٹی کے اجلاس میں شرکت کے لیے ہم سے رابطہ کیا ہے۔‘

’حکومت کی طرف سے دعوت پر سینیئر قیادت سے مشاورت کر رہے ہیں۔ مشاورت کے بعد حکومت کو فیصلے سے آگاہ کریں گے۔‘