Get Alerts

عمران خان حکومتی آل پارٹیز کانفرنس میں شرکت نہیں کریں گے: اسد عمر

عمران خان حکومتی آل پارٹیز کانفرنس میں شرکت نہیں کریں گے: اسد عمر
پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سینئر رہنما اسد عمر نے کہا ہے کہ سابق وزیر اعظم عمران خان اے پی سی میں شرکت نہیں کریں گے۔

لاہور ہائیکورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پی ٹی آئی کے جنرل سیکرٹری اسد عمر نے عمران خان کی آل پارٹیز کانفرنس میں عدم شرکت کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان آل پارٹیز کانفرنس میں شرکت نہیں کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ حکومتی وسائل کا رخ پکڑ دھکڑکی طرف ہے۔ غداری کے مقدمے درج کر کے آئین کی دھجیاں اڑائی جارہی ہیں۔ ہمارے رہنماؤں پر جھوٹے مقدمات درج کیے جارہے ہیں تو کیسے ان کے ساتھ بیٹھ سکتے ہیں۔

اس موقع پر اسد عمر نے کہا کہ الیکشن کمیشن انتخابات کروانے کا پابند ہے۔معاشی حالات اس میں آڑے نہیں آسکتے۔ جمعرات تک پنجاب میں انتخابات کا فیصلہ ہوجائے گا۔ آج کی عدالت کی کارروائی سے تقریباً واضح ہو گیا ہے کے پنجاب اسمبلی کے الیکشن اپریل کے دوسرے ہفتے میں ہوں گے۔ تمام تحریک انصاف کے امیدوار حلقوں میں تیاری پکڑیں۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان پارلیمانی بورڈ کی تجاویز کا جائزہ لے رہے ہیں۔ چیئرمین عمران خان نے بہت جلد ٹکٹوں کے اعلان بھی کرنا شروع کردینے ہیں۔سب کو پتہ ہے یہ الیکشن پاکستان تحریک انصاف کا الیکشن ہے۔

اسد عمر کا کہنا تھا کہ 90 روز میں ضمنی انتخابات ہونا کلئیر ہوچکا ہے ، قومی اسمبلی کی نشستوں پر الیکشن کمیشن ضمنی انتخابات کی تاریخ دے چکا ہے۔ آئندہ سماعت پر امید کرتے ہیں کہ فیصلہ ہمارے حق میں آئے گا۔  گورنر اور الیکشن کمیشن مانتے ہیں کہ انتخابات 90 دن میں ہونے چاہیئے لیکن تاریخ دینے کو تیار نہیں۔

ادھر پی ٹی آئی سندھ کے صدر علی حیدر زیدی نے کہا کہ ’یہ اے پی سی میں ایسی کیا بات کریں گے جس پر اسمبلی میں بحث نہیں ہو سکتی؟ اے پی سی بلانا اس بات کا کھلا اعتراف ہے کہ آج پاکستان میں عمران خان کے بغیر کوئی بھی سیاسی فیصلہ کرنا ناممکن ہے۔ اے پی سی چھوڑو، الیکشن کرواؤ!‘

واضح رہے کہ وزیراعظم شہباز شریف نے 7 فروری کو  اہم قومی مسائل پر بات چیت کے لئے  آل پارٹیز کانفرنس (اے پی سی) طلب کر لی۔ اہم اجلاس کے لئے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان کو بھی مدعو کیا گیا ہے۔

وزیراعظم آفس کی جانب سے جمعرات کی رات کو جاری کیے گئے اعلامیے کے مطابق ’ملک کے تمام قومی سیاسی قائدین کو اے پی سی میں شرکت کی باضابطہ دعوت دے دی گئی ہے۔‘

قومی چیلنجز پر تمام سیاسی قائدین کو ایک میز پر بٹھانے کا فیصلہ کیا ہے جو ملکی سیاسی منظر نامے پر بڑی سیاسی پیش رفت ہے۔ چیئرمین تحریک انصاف عمران خان سمیت اسد قیصر اور پریوز خٹک کو بھی کانفرنس میں شرکت کے لئے دعوت دی گئی ہے۔

کُل جماعتی کانفرنس7 فروری بروز منگل اسلام آباد میں ہوگی ۔

آل پارٹیز کانفرنس کے حوالے سے جاری اعلامیے میں بتایا گیا کہ وفاقی وزیر سردار ایاز صادق نے سابق اسپیکر قومی اسمبلی اور پی ٹی آئی کے رہنما اسد قیصر اور سابق وزیردفاع پرویز خٹک سے رابطہ کیا اور وزیراعظم کی طرف سے عمران خان کو اے پی سی میں شرکت کے لیے دعوت کا پیغام پہنچایا۔

وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب کی جانب سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم تمام سیاسی جماعتوں کے سربراہوں کو مشترکہ بات چیت کے لیے میز پر لانے اور قومی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے حل تلاش کرنے کی کوششیں کر رہے ہیں۔