ضمنی انتخابات میں حصہ لینے کے لئےحکمت عملی میں تبدیلی، تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کسی بھی ضمنی الیکشن میں تمام نشستوں سے حصہ نہ لینے کا فیصلہ کر لیا۔
چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے ضمنی انتخابات میں حصہ نہ لینے کا فیصلہ کیا ہے جس کے تحت تمام حلقوں سے مستعفی ہونے والے امیدوار ہی الیکشن لڑیں گے تاکہ کامیابی کی صورت میں قومی اسمبلی میں واپسی ممکن ہو۔ چیئرمین پی ٹی آئی نے سابق ارکان کو کاغذات نامزدگی جمع کرانے کی ہدایت کردی۔ اسلام آباد کے تین حلقوں سے اسد عمر، علی اعوان اور راجہ خرم امیدوار ہوں گے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ عمران خان نے ہدایت دی کہ سابقہ ارکان اپنے حلقوں میں الیکشن مہم شروع کر دیں۔
ذرائع کے مطابق پہلے فیصلہ کیا گیا تھا کہ عمران خان ضمنی انتخابات میں خود حصہ لیں گے۔ عمران خان نے موجودہ صورتحال کے پیش نظر فیصلہ تبدیل کر لیا۔
گزشتہ روز عمران خان نے قومی اسمبلی کے حلقے این اے 193 سے بھی اپنے کاغذات نامزدگی واپس لے لیے تھے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ عمران خان نے اپنی مبینہ بیٹی ٹیرین جیڈ وائٹ سے متعلق کیس میں اپنی ممکنہ نااہلی سے بچنے کے لیے اپنے کاغذات نامزدگی واپس لیے جس کی سماعت اسلام آباد ہائی کورٹ میں جاری ہے۔
واضح رہے کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان کی جانب سے قومی اسمبلی کی 33 خالی نشستوں پر الیکشن شیڈول جاری کردیا گیا تھا جس پر پولنگ 16 مارچ کو ہوگی۔