Get Alerts

ایپکس کمیٹی کا اجلاس، فتنہ الخوارج ،دہشتگردی سمیت بیرون ممالک سوشل میڈیا پروپیگنڈاکرنیوالوں کیخلاف گھیرا تنگ کرنیکا فیصلہ

بیرون ملک بیٹھے عناصرپاکستان کے خلاف سوشل میڈیا پر پروپیگنڈا کر رہے ہیں، فتنہ الخوارج کے دہشتگردو ں کو ختم کرنے کا وقت آچکا ہے،سرحد پار سے پاکستان کے خلاف کارروائیاں ہو رہی ہیں، سرحدپارسے ہونیوالی کارروائیوں کا منہ توڑجواب دیاہے اور دیں گے، وزیراعظم شہباز شریف

 ایپکس کمیٹی کا اجلاس، فتنہ الخوارج ،دہشتگردی سمیت بیرون ممالک سوشل میڈیا پروپیگنڈاکرنیوالوں کیخلاف گھیرا تنگ کرنیکا فیصلہ

نیا دور نیوز ڈیسک:۔

نیا دور نیوز ڈیسک کے مطابق نیشنل ایکشن پلان کی ایپکس کمیٹی کا اجلاس وزیراعظم شہباز شریف کی صدارت میں ہوا، جس میں وفاقی وزرا ، چاروں وزرائے اعلیٰ، چیف سیکرٹریز، وزیراعظم آزاد جموں و کشمیر اور وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان شریک ہوئے۔ علاوہ ازیں اجلاس میں آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر، انٹیلیجنس ایجنسیوں کے سربراہ، ڈی جی ایف آئی اے بھی شریک تھے۔

نیا دور کے مطابق ایپکس کمیٹی کے اجلاس میں وزیراعظم نے ملکی مسائل سے نمٹنے کے لیے سیاسی اتفاق رائے اور مثبت قومی بیانیے کے فروغ کی اہمیت پر زور دیا۔ اجلاس میں عزم استحکام مشن کو کامیابی سے ہمکنار کرنے کے لیے ملک میں سیاسی استحکام کو اہم قرار دیا گیا۔

اجلاس میں آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے عوام کی جان و مال کی حفاظت اور دہشتگردی سے نمٹنے کے پاک فوج کے عزم کا اعادہ کیا۔ دورانِ اجلاس نیکٹا کو دوبارہ فعال کرنے اور خطرات کی نشاندہی کے مراکز کے قیام پر مشاورت کی گئی جب کہ ملک اور خطے میں دہشتگردی، مذہبی انتہا پسندی، گمراہ کن معلومات کے پھیلاؤ اور دیگر مسائل سے نمٹنے کے متعلقہ اداروں کی حکمت عملی کے حوالے سے بریفنگ بھی دی گئی۔پاکستان میں گھس بیٹھیے خاص طور پر خیبرپختونخوا میں موجود ہیں، دشمن مذموم مقاصد کے لیے گھات لگائے بیٹھا ہے، پاکستان سے باہر ایجنٹ بیٹھے ہیں، دوست نما دشمن باہر بیٹھے ہیں۔

دوست نما دشمن پاکستان کے خلاف کمپین چلارہے ہیں، یہ بہت بڑا خطرہ ہے، اسلام آباد پر یلغار چڑھائی ہوئی، سوشل میڈیا پر جھوٹ کا طوفان اٹھایا گیا، ڈیجیٹل محاذ پرپاکستان کے خلاف زہراگلا جا رہا ہے، سوشل میڈیا پر حقائق کو مسخ کرکے پروپیگنڈا کیاجاتا ہے، ڈیجیٹل دہشت گردی سے نمٹنے کیلئے اقدامات کی ضرورت ہے۔

سرحد پار سے پاکستان کے خلاف کارروائیاں ہو رہی ہیں، سرحدپارسے ہونے والی کارروائیوں کا منہ توڑجواب دیاہے اور دیں گے، پاکستان کے اندردشمنوں کے سہولت کار موجود ہیں، دشمن کے سہولت کارپاکستان کو نقصان پہنچانے کیلئے سازشوں میں مصروف ہیں، خیبرپختونخوا اور بلوچستان میں دشمن ہمیں نقصان پہنچانے کیلئے کارروائیوں میں مصروف ہے، ہمیں معلوم ہے کہ ملک دشمنوں کو کون کون سے ممالک سہولت فراہم کر رہے ہیں لیکن ہمارا قومی مفاد سپریم ہے، صوبوں کے ساتھ مل کرامن امان کی صورت حال کوبہتربنایا جائے گا۔

اجلاس میں غیر ملکیوں بالخصوص چینی باشندوں کے تحفظ کے لیے کیے جانے والے حفاظتی اقدامات کی رپورٹ پیش گئی اور غیر ملکیوں خصوصاً چینی باشندوں کی سکیورٹی کو مزید فول پروف بنانے کے عزم کا اظہار کیا گیا۔ اجلاس کے شرکا نے ڈیجیٹل دہشت گردوں سے بھی سختی سے نمٹنے کی رائے دی،کمیٹی نے عزم کا اظہار کیا کہ جعلی خبروں اور غلط معلومات کے پھیلاؤ کا تدارک کرنا ہو گا۔ ایپکس کمیٹی کے شرکا نے ملکی سلامتی اور معاشی استحکام کے لیے یکسوئی کے ساتھ آگے بڑھنے کا عزم کیا۔

 فورم نے عزم کا اظہار کیا کہ مسلح افواج کے جوانوں نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں بے مثال قربانیاں دیں۔ وفاقی اور صوبائی حکومتوں کے ساتھ ساتھ تمام اداروں کو مل کر آگے بڑھنا ہوگا۔ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں سکیورٹی فورسز کو ضروری آلات اور وسائل کی مکمل فراہمی یقینی بنانا ہوگی۔ اسی طرح اداروں کے درمیان زیادہ سے زیادہ ہم آہنگی کی ضرورت پر بھی زور دیا گیا۔اجلاس میں وفاقی اور صوبائی دارالحکومتوں کو محفوظ بنانے کے عزم کا بھی اعادہ کیا۔ 

کمیٹی نے فیصلہ کیا کہ کسی کو بھی احتجاج  کی آڑ میں  انتشار پھیلانے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ فیک نیوز اور سوشل میڈیا پروپیگنڈا کا توڑ کرنے کے لیے ہر حربہ استعمال کیا جائے گا۔ ڈیجیٹل دہشت گردوں  کے ساتھ بھی سختی سے نمٹنے کا فیصلہ کیا گیا اور بیرون ملک سے سوشل میڈیا پر پروپیگنڈا کرنے والے عناصر کے گرد گھیرا تنگ کرنے پر اتفاق کیا گیا۔دورانِ اجلاس وزیراعظم شہبازشریف نے 26 نومبر کے واقعے  کا ذکر  کرتے ہوئے مظاہرین پر گولی نہ چلانے کی وضاخت بھی کی جب کہ وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا نے کہا کہ 26 نومبر کے واقعے میں درجنوں کارکن شہید ہوئے۔