بزدار کا کیس اکیلا نہیں، ہمارا بھی 3 ارب کا کیس کھلے گا: شیخ رشید کا چینی سکینڈل پر تبصرہ

بزدار کا کیس اکیلا نہیں، ہمارا بھی 3 ارب کا کیس کھلے گا: شیخ رشید کا چینی سکینڈل پر تبصرہ
وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ چینی مل مالکان جتنا مرضی کما لیں، ان کے نصیب میں نہیں ہے۔

جیو نیوز کے پروگرام ’آج شاہزیب خانزادہ کے ساتھ‘ میں منگل کی شام گفتگو کرتے ہوئے شیخ رشید احمد کا کہنا تھا کہ صرف وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کا نام لینا درست نہیں ہوگا، ہمارا بھی کیس کھلے گا۔

’’یہ صرف ان کے 22 ارب کا کیس نہیں ہوگا۔ ہمارے 3 ارب کا کیس بھی جائے گا۔ یہ نہیں ہو سکتا۔ یہ ناانصافی ہوگی۔ ہمارے 3 ارب کا کیس بھی کھلے گا۔ یہ جو دس اداروں کی رپورٹ آئی ہے، اگر ہم 1985 سے شروع کر رہے ہیں تو 2020 میں جو ہمارے 3 ارب کا کیس ہے، اس کا بھی حساب ہوگا، اور حساب ہونا چاہیے‘‘۔



یہ بھی پڑھیے: چینی بحران رپورٹ: اسد عمر، عبدالرزاق داؤد اور عثمان بزدار کمیشن کو مطمئن کرنے میں ناکام







شاہزیب خانزادہ نے انہیں یاد دہانی کروائی کہ کمیشن کی رپورٹ میں آپ کا کیس 3 ارب روپے کا نہیں ہے، آپ کا کیس 100 ارب سے زائد کا ہے۔ رپورٹ کہتی ہے کہ قیمتیں بڑھی رہیں، آپ کی حکومت نے کچھ نہیں کیا اس دوران، برآمد بھی کرتے رہے، 100 ارب سے زائد عوام کی جیب سے نکال کر لے گئے۔ ابھی بھی 83 روپے کلو چینی بک رہی ہے۔ ابھی بھی 1 روپے پہ ساڑھے 5 ارب روپے کماتے ہیں، تو ایک سال میں 110 ارب روپے اور عوام کی جیب سے نکال کر لے جائیں گے۔

اس پر شیخ رشید کا کہنا تھا کہ ’’کما لیں، کما لیں۔ بالآخر، کما لیں، ان کے نصیب میں نہیں ہے‘‘۔

یاد رہے کہ 22 مئی کو سامنے آنے والی چینی رپورٹ میں لکھا گیا تھا کہ عثمان بزدار کے علاوہ وزیر اعظم کے معاونِ خصوصی عبدالرزاق داؤد اور وزیرِ منصوبہ بندی و ترقی اسد عمر بھی کمیشن کو مطمئن کرنے میں ناکام رہے تھے۔