Get Alerts

پالتو کتا بے قابو، غبارہ فروش بچے کو بھنبھوڑ کر رکھ دیا، مالک گرفتار

پالتو کتا بے قابو، غبارہ فروش بچے کو بھنبھوڑ کر رکھ دیا، مالک گرفتار
لاہور: اقبال ٹاون فیملی پارک میں ایک پالتو کتے نے بارہ سالہ معصوم غبارہ فروش بچے کو جگہ جگہ سے کاٹ کر شدید زخمی کر دیا۔ کتے کا مالک عمران رئیس یہ شخص مبینہ طور پر گاڑی میں بیٹھ کر مفرور ہونا چاہتا تھا لیکن اسے لوگوں نے روک لیا اور ڈالفن پولیس نے موقع پر پہنچ کر اسے حراست میں لے لیا۔

ڈی آئی جی آپریشنز لاہور کے مطابق ملزم کے خلاف ایف آئی آر اقبال ٹاؤن تھانے میں درج کر لی گئی ہے۔ ایف آئی آر کے مطابق یہ بچہ کھیلتے ہوئے کتے کے پاس سے گزر رہا تھا تو کتے نے اچانک اس پر حملہ کر دیا۔ اس کے مطابق عمران رئیس کے کتے نے عوامی مقام پر بچے کو کاٹا ہے لہٰذا عمران رئیس نے جرم کا ارتکاب کیا ہے۔



متاثرہ بچے کے غریب والدین نے ملزم کے خلاف کارروائی کی پیروی کرنے سے انکار کیا ہے لیکن لاہور ڈی آئی جی آپریشنز کی ہدایت پر ایف آئی آر درج کر لی گئی ہے، اور ملزم کو حراست میں لیا جا چکا ہے۔

واضح رہے کہ بدھ کی شام سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو وائرل ہوئی تھی جس میں ایک پالتو کتے کو ایک معصوم غبارہ فروش کو بری طرح بھنبھوڑتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔

ملزم کا کہنا ہے کہ یہ پہلی بار ہے کہ اس کے جانور نے کسی پر حملہ کیا ہے۔ اس کا کہنا تھا کہ وہ ماضی میں بھی اسے لے کر بازاروں اور پارکس میں گھومتا رہا ہے لیکن آج سے پہلے کبھی ایسا واقعہ پیش نہیں آیا تھا۔

https://twitter.com/dolphinsquadlhr/status/1268197854222471172?s=12

سوشل میڈیا پر عوام کی جانب سے شدید ردِ عمل کے بعد پنجاب پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے ملزم کو حراست میں لے کر شکایت درج کر لی ہے۔