Get Alerts

غداری کا مقدمہ درج کرکے مجھے راستے سے ہٹانے کی کوشش کی جا رہی ہے:عمران خان

غداری کا مقدمہ درج کرکے مجھے راستے سے ہٹانے کی کوشش کی جا رہی ہے:عمران خان
تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ کوششیں کی جا رہی ہیں کہ غداری کا مقدمہ کرکے مجھے راستے سے ہٹائیں، کیا زرداری اور نواز شریف مجھ پر غداری کا مقدمہ چلائیں گے؟

بونیر میں جلسے سے خطاب میں عمران خان کا کہنا تھا کہ جب ہمارے ملک کے نیوٹرل نے فیصلہ کیا تو میں نے کہا کہ نیوٹرل ہونا اچھی بات ہے لیکن اگر یہ سازش کامیاب ہو گئی تو معیشت تباہ ہو جائے گی۔ نیوٹرل اچھی چیز ہے لیکن ملک کی سالمیت بھی ضروری ہے۔

عمران خان نے کہا کہ کہا جا رہا ہے مجھ پر کیس کرکے جیل میں ڈال دیا جائے۔ جیل تو چھوٹی چیز ہے میں اپنی جان دینے کیلئے تیار ہوں۔ ہم سپریم کورٹ کے فیصلے کا انتظار کر رہے تھے کیونکہ وکیلوں نے بتایا کہ سپریم کورٹ کے فیصلے کے بعد آپ کو انتظار کرنا پڑے گا۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ موجودہ حکومت نے ایک مہینے میں پیٹرول 60 روپے فی لیٹر بڑھا دیا۔ ہمیں بھی آئی ایم ایف نے کہا تھا کہ پیٹرول پر پیسے بڑھاؤ، مگر ہم نے آئی ایم ایف کے کہنے پر قیمت بڑھانے کے بجائے کم کی۔ پیٹ کاٹ کرعوام کو بچایا کیوںکہ ہمارا جینا مرنا پاکستان میں ہے۔

چیئرمین تحریک انصاف کا کہنا تھا کہ فضل الرحمان کبھی سوچیں کہ ان کو اتنی ذلت کیوں ملی۔ جہاں بھی لوگ جمع ہوتے ہیں وہ ڈیزل ڈیزل پکارتے ہیں جبکہ آصف زرداری سے متعلق ان کا کہنا تھا کہ ملک کی بہت بڑی بیماری آصف علی زرداری کو پیسے کی بیماری ہے۔

سابق وزیراعظم کا کہنا تھا کہ جب ہماری حکومت گرائی گئی تو سب سے زیادہ خوشیاں بھارت میں منائی گئیں ایسا لگ رہا تھا جیسے وزیراعظم شہباز شریف نہیں شہبازسنگھ آیا۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ بھارت میں سب سے زیادہ خوشی اس لئے منائی گئی کیونکہ شریف فیملی کے ان کے ساتھ کاروباری تعلقات ہیں۔ نواز شریف نے نریندر مودی کو شادی پر گھر بلایا مگر بھارت جا کر حریت رہنمائوں سے ملاقات سے انکار کیا۔

چیئرمین تحریک انصاف کا کہنا تھا کہ بھارت، اسرائیل اور امریکا نے مل کر ہماری حکومت گرائی۔ یہ تینوں ممالک مضبوط پاکستان کو نہیں دیکھنا چاہتے، بھارت اور اسرائیل چاہتے ہیں پاکستان کمزور ہو اور ٹوٹے۔