یہ ابھی نندن نہیں ہے...!

بھارتی فضائیہ کے ونگ کمانڈر کی انڈیا واپسی اہل پاکستان کے امن کی خواہش کا اظہار

ہندوستان کے پیارے دوستو...!

یہ ابھی نندن نہیں ہے جس کا آپ واہگہ باڈر پر استقبال کر رہے ہیں.

یہ پاکستان کے لوگوں کا اصلی چہرہ ہے، جو اس طرح کی جنگ جوئی کا پاگل پن اوراس میں بہنے والا بہت سا خون دیکھ  چکے ہیں۔

یہ وہ حقیقت بھی ہے کہ محبت اور پیار ہی نفرت کو ختم کر سکتے ہیں ، نہ کہ بارود، گولیاں اور میزائل۔

یہ ابھی نندن نہیں ہے جس کا آپ واہگہ بارڈر پر استقبال کر ریے ہیں۔

یہ بلاشبہ داغدار ماضی کو دفن کر کے برابری اورعزت کے ساتھ امن کی ایک نئی شروعات کا پیغام ہے۔

یہ اس بات کا بھی ثبوت ہے کہ انسانیت کی بقا کے لیے جوہری طاقت اور ٹیکنالوجی کی بجائے امن ہی آخری امید ہے۔

یہ ابھی نندن نہیں ہے جس کا آپ واہگہ بارڈر پر استقبال کر رہے ہیں۔

یہ بھائی چارے کا ایک مثبت اشارہ ہے جس سے جنگ کے بھیانک خواب کو بھول کر امید کی ایک نئی صبح کا آغاز کیا جا سکتا ہے۔



یہ پاکستان کے لوگوں کا ادراک بھی ہے کہ جنگ صرف دکھ ، تکلیف اور تباہی ہی لے کر آتی ہے جسے وہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں بھگت چکے ہیں۔

یہ ابھی نندن نہیں یے جس کا آپ واہگہ بارڈر پر استقبال کر ریے ہیں۔

یہ وہ سچائی ہے کہ طاقت اور گولیوں سے کبھی بھی دل نہیں جیتے جا سکتے.

یہ ایک درخواست بھی یے کہ پاکستانیوں اور ہندوستانیوں کی طرح آزادی  کشمیریوں کا بھی حق ہے ۔ اور ان کو بھی یہ موقع ملے کہ وہ اپنی مرضی سے اپنی قسمت کا فیصلہ کر سکیں۔

https://youtu.be/UXsZ-LrMVqU

یہ ابھی نندن نہیں ہے جس کا آپ واہگہ بارڈر پر استقبال کر رہے ہیں۔

یہ ایک اپیل ہے کہ آئیں! ہتھیار خریدنے کی بجائے اپنے وسائل کو اپنے لوگوں کی غربت کم کرنے اور ان کو تعلیم اور صحت کی بہتر سہولتیں مہیا کرنے میں صرف کریں۔

یہ آپ کے ان دوستوں کی طرف سے ایک تحفہ بھی یے جو آپ کی فلموں، آپ کے گیتوں، اداکاروں ، کھلاڑیوں اور آپ کے کلچر کے مداح ہیں۔

یہ ابھی نندن نہیں ہے جس کا آپ واہگہ بارڈر پر استقبال کر رہے ہیں۔

یہ آپ سے ایک وعدہ ہے کہ ہماری سرزمین آپ کے خلاف کسی بھی دہشت گردی کی کارروائی کے لیے استعمال نہیں ہو گی۔۔

یہ ہمارے بچوں کے روشن مستقبل کا سوال بھی ہے جن کو زندگی میں آگے بڑھنے کا پورا حق ہے.



یہ ابھی نندن نہیں ہے جس کا آپ واہگہ بارڈر پر استقبال کر رہے ہیں۔

یہ ہماری طرف سے امن کی خواہش کا اظہار ہے، یہ ہمارے دل سے نکلی ہوئی دعا ہے۔ دیکھتے ہیں،  آپ اس کا جواب کس طرح دیتے ہیں۔

 

مصنف جامعہ پنجاب سے ابلاغیات میں ماسٹرز کر چکے ہیں، سیکولرازم کے حامی اور سیاست، ادب اور موسیقی سے شغف رکھتے ہیں۔