دہلی: بھارتی الیکشنز کے آغاز سے قبل ہی خدشہ ظاہر کیا جا رہا تھا کہ مودی کی جماعت بی جے پی پاکستان میں گرفتار ہونے والے پائلٹ ابھی نندن کو اپنی انتخابی مہم کیلےاستعمال کر سکتی ہے تاہم اب بات سامنے آرہی ہے کہ یہ خدشات کافی حد تک درست تھے۔
بھارتی میڈیا میں ایک تصویر وائرل ہو رہی ہے جس میں دیکھا جا سکتا ہے کہ بھارتی پائلٹ بی جے پی کا دوپٹہ پہنے نظر آرہے ہیں، انہوں نے چشمہ بھی لگا رکھا ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق تصویر کے نیچے ابھی نندن نے لوگوں سے بھارتیہ جتنا پارٹی کو ووٹ دینے کی گزارش کی ہے۔
تاہم یہ بات واضح ہو چکی ہے کہ زیر نظر تصویر ابھی نندن کی نہیں بلکہ فیک ہے۔ یہ تصویر بی جے پی کیجانب سے تیار کردہ بہروپیے کی ہے۔
صارفین کا کہنا تھا کہ یہ تصویر گجرات کی ہے جہاں ابھی ووٹنگ ہوئی ہی نہیں، دوسری جانب بھارتی ائیر فورس نے بھی تصویر کو جعلی قرار دے دیا۔
یہ بات بھی اہم ہے کہ ابھی نندن بھارتی فضائیہ کے قوانین کے مطابق کسی سیاسی سرگرمی میں حصہ نہیں لے سکتے۔
اس کے علاوہ حال میں ہی تامل ناڈو میں ہونے والی ووٹنگ میں بھی ابھی نندن نے حصہ نہیں لیا، وہ ووٹ کاسٹ کرنے پولنگ سٹیشن بھی نہیں پہنچے۔ بے جے پی کے سوشل میڈیا پیجز پر کیا جانے والا دعویٰ جھوٹ پر مبنی ہے۔
یاد رہے کہ بھارتی پائلٹ ابھی نندن کا طیارہ 27 فروری کو پاکستان ایئرفورس نے لڑائی کے دوران نشانہ بنا تھا جس کے بعد ابھی نندن لڑاکا طیارے سے زندہ نکلنے میں کامیاب ہوگیا تھا تاہم وہ بدقسمتی سے پاکستانی سرزمین پر گرا اور شہریوں کے ہاتھ آگیا جسے انہوں نے شدید تشدد کا نشانہ بنایا بعد ازاں پاک فوج کے جوان اسے گرفتار کرکے لے گئے۔
خیال رہے کہ بھارتی پائلٹ کو وزیر اعظم عمران خان نے 28 فروری کو جذبہ خیر سگالی کے تحت رہا کرنے کا حکم دیا تھا جسے یکم مارچ کو واہگہ بارڈر کے ذریعے بھارت کے حوالے کردیا گیا تھا۔