پاک فضائیہ نے پی اے ایف میوزیم میں بھارتی پائلٹ ونگ کمانڈر ابھی نندن کا مجسمہ نصب کر دیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق پاکستانی شاہینوں کا نشانہ بننے اور بعد ازاں گرفتار ہونے والے بھارتی ائیر فورس کے ونگ کمانڈر ابھی نندن کے مجسمے اور وردی کو پاک فضائیہ کے جنگی میوزیم میں نصب کیا گیا ہے۔
میوزیم میں ایک گیلری قائم کی گئی ہے جس کا افتتاح ایئر چیف نے 6 نومبر کو کیا تھا۔ اس گیلری میں ابھی نندن کا باوردی مجسمہ، اس کے زیر استعمال نقشے، گھڑی اور یونیفارم کے کچھ حصے اور دیگر سامان کے علاوہ تباہ شدہ جہاز کی باقیات بھی رکھی گئی ہیں۔
تصویر میں دیکھا جا سکتا ہے کہ بھارتی ونگ کمانڈر ابھی نندن کے مجسمے کو پاکستانی فوجی کے مجسمے کے ساتھ کھڑا کیا گیا ہے، اس کے علاوہ گیلری میں چائے کا ایک کپ بھی رکھا گیا ہے۔
یاد رہے کہ 27 فروری کو پاک فضائیہ نے لائن آف کنٹرول (ایل او سی) پار کرنے والے بھارتی مگ 21 طیارے کو مار گرایا تھا اور اس کے پائلٹ، ونگ کمانڈر ابھی نندن کو گرفتار کر لیا تھا۔
بعد ازاں پاک فوج کے ترجمان نے بھارتی پائلٹ کو میڈیا کے سامنے پیش کیا تھا، جس میں اُس نے خود کو ونگ کمانڈر اور اپنا بیچ نمبر بھی بتایا تھا، ابھی نندن نے پاک فوج کے پروفیشنل ازم کی تعریف کرتے ہوئے اپنی فوج کر مشورہ دیا تھا کہ وہ بھی اسی نظم و ضبط کے تحت چلیں۔
وزیر اعظم پاکستان نے 28 فروری کو بھارتی پائلٹ کی رہائی کا اعلان کیا تھا، جس کے بعد اُسے یکم مارچ کو لاہور واہگہ بارڈر سیکٹر سے بھارتی حکام کے حوالے کیا گیا تھا، پاکستان کے اس اقدام کو دنیا بھرمیں سراہا گیا تھا۔