پولیس کی بروقت کارروائی، 40 سالہ شخص سے 10 سالہ بچی کی شادی ناکام بنا دی

صوبہ سندھ کے شہر شکار پور میں پولیس نے 40 برس کے شخص کی 10 سالہ بچی سے شادی کی کوشش ناکام بناتے ہوئے ملزموں کو گرفتار کر لیا ہے۔

یہ پریشان کن واقعہ ضلع شکارپور کی تحصیل خانپور کے نواحی گائوں مھروماڑی میں پیش آیا لیکن پولیس نے رخصتی سے قبل بروقت کارروائی کرتے ہوئے دلہا اور دلہن کو گرفتار کر لیا۔

پولیس کی جانب سے گرفتار کیے جانے والے شخص کی شناخت محمد سومر جب کہ بچی کی شناخت ملوکاں شیخ کے نام سے کی گئی ہے۔

پولیس کے مطابق، 40 سالہ شخص کا زبردستی بچی سے نکاح پڑھایا گیا تاہم پولیس نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے دلہا اور دلہن دونوں کو گرفتار کر لیا۔

پولیس نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے شادی ناکام بنا دی


گرفتاری کے بعد دلہے کو نیو فوجداری تھانے جب کہ بچی کو وومن کمپلین سیل شکارپور منتقل کر دیا گیا ہے۔

پولیس تفتیش کے دوران ملزم نے کہا کہ اس نے بچی کی دادی سے اڑھائی لاکھ روپے میں بچی کو خریدا ہے اور آج ہمارا صرف نکاح ہوا تھا جب کہ پولیس نے رخصتی سے قبل ہی کارروائی کر ڈالی۔

پولیس کے مطابق، دلہن کے والد اور نکاح خواہ پولیس کارروائی کے دوران موقع سے فرار ہو گئے تھے جنہیں بعدازاں گرفتار کر لیا گیا۔

پولیس اس واقعہ کی مختلف زاویوں سے تفتیش کر رہی ہے اور اس حوالے سے بھی غور کیا جا رہا ہے کہ کیا والد نے بچی کو جوئے میں تو نہیں ہارا۔



ایس ایس پی شکارپور ساجد امیرصد زوئی کی نگرانی میں ایک ٹیم تشکیل دے دی گئی ہے جو واقعہ کی مکمل انکوائری کرے گی جس کے بعد ہی اصل حقائق سامنے آ سکیں گے۔