Get Alerts

ٹیکس نظام کو آسان بنائے بغیر محصولات کا ہدف حاصل نہیں ہو سکتا

بامعنی تبدیلی کے لیے واحد قابل عمل آپشن یہ ہے کہ موجودہ ٹیکس نظام کو سادہ، کم شرح والے ٹیکس نظام کے ساتھ بدل دیا جائے جو وسیع بنیاد پر پریکٹیکل اور ترقی کی طرف راغب ہو۔ یہ نظام بہتر تعمیل کے لیے ترغیبات پیدا کرے گا اور تیز اقتصادی ترقی کا باعث بنے گا۔

ٹیکس نظام کو آسان بنائے بغیر محصولات کا ہدف حاصل نہیں ہو سکتا

فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کو درپیش محصولات پھیلاؤ محاذ پر سب سے بڑا چیلنج خودکار ٹیکس انٹیلی جنس سسٹم کے ذریعے ٹیکس دہندگان کی تعداد میں اضافہ کرنا ہے، نا کہ مزید ٹیکس لگانا یا موجودہ ٹیکسز کی شرحوں میں اضافہ کرنا۔

مالی سال 2024-25 کے لیے بجٹ ایسے انتہائی مشکل حالات میں تیار ہو رہا ہے جب ہمیں مالی استحکام اور معاشی بحالی جیسے چیلنجز کا سامنا ہے۔ اس وقت ہمیں معاشرے کے کمزور طبقات کو درپیش انتہائی مالی مشکلات کو کم کرنے کو اولین ترجیح دینے کی ضرورت ہے۔ بجٹ میں توازن، زیادہ ٹیکس لگانے، مالیاتی خسارے پر مشتمل اور دیگر نمبر گیمز کے لیے، پاکستان میں کئی دہائیوں سے اپنائے جانے والے روایتی انداز کو موجودہ غیر معمولی حالات میں مجموعی طور پر ازسرنو تبدیل کرنا ہو گا، خاص طور پر جب ہم عالمی مالیاتی فنڈ (IMF) سے ایک اور بیل آؤٹ پیکج کے خواہاں ہیں۔

اس سلسلے میں تیز رفتار اور پائیدار اعلیٰ نمو کے لیے ٹیکسوں کو آسان بنانے کے لیے کچھ ٹھوس اقدامات پیش کرنے ہوں گے، جو پہلے سے ہی سست معیشت میں رکاوٹ پیدا کیے بغیر بہتر ریونیو اکٹھا کرنے کا باعث بنیں۔ ہمیں معیشت کو تیزی سے بحال کرنے کے طریقے تجویز کرنے ہوں گے۔

بدقسمتی سے کوئی بھی غیر روایتی اور جدت پر مبنی اقدامات تجویز نہیں کر رہا، جس سے ہم حکومت کا سائز کم کر سکیں اور محصولات میں خاطر خواہ اضافہ بھی۔ کسی کو وزیر اعظم اور وزیر خزانہ کو بتانے کی ضرورت ہے کہ آنے والے وفاقی بجٹ میں بے جا اور جابرانہ ٹیکسوں کے ناقص نسخے سے ہمارے مسائل، خاص طور پر موجودہ حالات، میں ہرگز حل نہیں ہوں گے۔

وفاقی اور صوبائی حکومتوں کو انفراسٹرکچر کی بہتری کے لیے زیادہ سے زیادہ رقم پیدا کرنے اور خرچ کرنے کی ضرورت ہے تاکہ روزگار کے مزید مواقع پیدا ہوں، اعلیٰ ترقی کو یقینی بنایا جا سکے اور نجی شعبے کو عوامی منصوبوں میں حصہ لینے کے لیے شامل کیا جائے۔ اس سے معیشت کی بحالی کا آغاز ہو جائے گا۔ اس کے ساتھ ساتھ حکومتوں کو فضول خرچی کو کم کرنے، اپنی مشینری کے بڑے سائز کو درست کرنے، بیوروکریسی کی تمام مراعات کو مونیٹائز (monetize) کرنے اور ٹیکسوں کو آسان اور کم شرح بنانے کی ضرورت ہے۔

اشرافیہ کے قبضے میں ریاستی زمینیں، جو وفاق اور صوبوں کی ملکیت ہیں، صنعتی، کاروباری اور تجارتی منصوبوں کے لیے لیز پر دی جائیں۔ یہ خاطر خواہ ریونیو پیدا کرے گا (عوامی نیلامی کے ذریعے بولی پر 10 فیصد مکمل اور حتمی اربوں روپے کا انکم ٹیکس جمع کیا جا سکتا ہے) اور تیز رفتار اقتصادی ترقی میں سہولت بھی فراہم کرے گا۔

ورلڈ بینک نے اپنی رپورٹ 'پاکستان ریونیو موبلائزیشن پروجیکٹ' میں اشارہ دیا ہے؛

"پاکستان کی ٹیکس آمدن کی صلاحیت جی ڈی پی کے 26 فیصد تک پہنچ جائے گی، اگر ٹیکس کی تعمیل کو 75 فیصد تک بڑھایا جائے، جو کم درمیانی آمدنی والے ممالک (LMICs) کے لیے تعمیل کی ایک حقیقت پسندانہ سطح ہے۔ اس کا مطلب ہے کہ ملک کے ٹیکس حکام اس وقت آمدنی کی اس صلاحیت کا صرف نصف حصہ حاصل کر رہے ہیں، یعنی اصل اور ممکنہ وصولیوں کے درمیان فرق 50 فیصد ہے۔ ٹیکس کے فرق کا سائز ٹیکس کے آلے اور شعبے کے لحاظ سے مختلف ہوتا ہے۔ خدمات کے شعبے میں ٹیکس کا فرق مینوفیکچرنگ سیکٹر سے زیادہ ہے (بالترتیب 67 فیصد بمقابلہ 46 فیصد) اور یہ جی ایس ٹی/جی ایس ٹی ایس کے لیے انکم ٹیکس (بالترتیب 65 فیصد بمقابلہ 57 فیصد) سے بڑا ہے"۔

ورلڈ بینک نے ٹیکس کے فرق کا ذکر کرنے سے پہلے وفاقی اور صوبائی سطحوں پر جابرانہ ٹیکسوں اور بکھرے ہوئے ڈھانچے پر مناسب تحقیق یا مطالعہ نہیں کیا، جو ہمارے مالی مسائل کی بنیادی وجہ ہیں۔ اس اور آنے والے کچھ مضامین میں ٹیکس نظام کے چند بنیادی مسائل کے حل کے ساتھ ساتھ ان معاملات پر بھی روشنی ڈالی جائے گی۔

پاکستان میں وفاقی اور صوبائی حکومتوں نے بہتر کارکردگی، مساوات کے حصول اور معاشی ترقی کو فروغ دینے کے لیے ملک کے ٹیکس نظام کی تشکیل نو میں غفلت کا مظاہرہ کیا ہے۔ پیچیدہ ٹیکس قوانین، پیچیدہ طریقہ کار، آسانی سے جمع کیے جانے والے بالواسطہ ٹیکسوں پر انحصار، کمزور نفاذ، نااہلی اور بدعنوانی ٹیکس کی کم وصولی کے اہم عوامل ہیں۔ ٹیکس کی بنیاد کو وسیع کرنے اور قوانین کو آسان بنانے کے بجائے وفاقی اور صوبائی حکومتیں معاشرے کے طاقتور طبقوں کو عام معافی، استثنیٰ، ٹیکس فری مراعات اور سہولتیں فراہم کرتی رہی ہیں۔ اس پالیسی مائنڈ سیٹ کے نتیجے میں عام کاروباری افراد اور شہری مشکلات کا شکار ہیں۔

تازہ ترین خبروں اور تجزیوں کے لیے نیا دور کا وٹس ایپ چینل جائن کریں

ٹیکس کی بنیاد کو وسیع کرنے، ٹیکس کو آسان بنانے اور ایک قابل اعتماد قومی سماجی و اقتصادی رجسٹری بنانے کے لیے درج ذیل اقدامات ضروری ہیں؛

1۔ تمام بالغ افراد، چاہے آمدنی حاصل کر رہے ہوں یا نہیں، موبائل کنیکٹیویٹی حاصل کرنے کے لیے استعمال ہونے والے اپنے کمپیوٹرائزڈ قومی شناختی کارڈ (CNIC) کی بنیاد پر فیڈرل بورڈ آف ریونیو کے ذریعے لازمی طور پر قانون میں ترمیم کر کے، رجسٹر ہوں اور پھر ان کو اپنا پروفائل اپ ڈیٹ کرنے کو کہا جائے۔ (یہ انگریزی اور اردو انٹرفیس ایف بی آر کی ویب سائٹ پر دستیاب ہونا چاہیے)۔

2۔ قابل ٹیکس آمدنی رکھنے والوں کو آسان اور ایک صفحے پر مشتمل ٹیکس ریٹرن داخل کرنے کی سہولت فراہم کی جائے جو انگریزی، اردو اور تمام مقامی زبانوں میں دستیاب ہو۔ یہ نادرا کے پاس دستیاب فیملی ٹری ڈیٹا کو ملا کر قومی سطح پر تمام گھرانوں اور ان کی کمائی کی سطح کو دستاویزی کرنے میں مدد دے گا۔

قابل ٹیکس حد سے کم آمدنی والے افراد کو انکم سپورٹ (منفی ٹیکس) کی ادائیگی اس وقت تک کی جانی چاہیے جب تک کہ ریاست انہیں فنی تعلیم اور روزگار فراہم نہ کرے۔ انہیں زندگی بھر بھکاری نہ بنائے۔

3۔ پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (PTA) کی ویب سائٹ پر دستیاب تازہ ترین اعداد و شمار کے مطابق 31 مارچ 2024 تک سیلولر صارفین کی کل تعداد 192 ملین (79.63 فیصد ٹیلی کثافت)، 132 ملین موبائل براڈ بینڈ صارفین (54.70 فیصد موبائل براڈ بینڈ کی رسائی)، 3 ملین بنیادی ٹیلی فونی صارفین (1.07 فیصد ٹیلی کثافت) اور 135 ملین براڈ بینڈ صارفین (56.13 فیصد براڈ بینڈ رسائی) تھی۔

4۔ فی الحال پوری قابل ٹیکس آبادی اور یہاں تک کہ جن کی کوئی آمدنی یا قابل ٹیکس حد سے کم آمدنی ہے، وہ موبائل صارفین کے طور پر 15 فیصد کا ایڈوانس ایڈجسٹ ایبل انکم ٹیکس ادا کر رہے ہیں۔ اس ڈیٹا بیس سے انکم ٹیکس کی بنیاد کو وسیع کرنا اور خود کار مصنوعی ذہانت پر مبنی نظام کے ذریعے پری پیڈ گوشوارہ بھی بھیجنا مشکل نہیں ہے۔

جیسا کہ پہلے بھی بہت سے مضامین میں تجویز کیا گیا ہے، اگر ایف بی آر تمام منفرد 125 ملین موبائل صارفین کو رجسٹر کرتا ہے اور ان کی اصل آمدنی اور محصولات کو ٹیکس کرتا ہے، تو ہم 20 کھرب (انکم ٹیکس 11 کھرب روپے اور سیلز ٹیکس 9 کھرب روپے) آسانی سے حاصل کر سکتے ہیں۔ اس ضمن میں ایف بی آر کو درج ذیل اقدامات کرنے ہوں گے؛

تمام منفرد 125 ملین موبائل صارفین کی لازمی طور پر رجسٹریشن کے بعد، انہیں صرف مندرجہ ذیل چار سوالات کے جوابات دیتے ہوئے، ایف بی آر کی ویب سائٹ پر سادہ معلومات اپ لوڈ کرنے کے لیے ٹیکسٹ میسج بھیجیں؛

سوالات

*منحصر یا خاندان کا سربراہ۔ اگر خاندان کا سربراہ ہے تو انحصار کرنے والوں کی تعداد کا ذکر کریں۔

*خود ملازم یا تنخواہ دار شخص (آجر کا نام/ کاروبار کا پتہ)۔

*کاروبار یا پیشے کی نوعیت اور پتہ (یا اگر ایک سے زیادہ جگہوں کا استعمال کیا جاتا ہے تو پتے)۔

*تمام ذرائع سے سالانہ خالص آمدنی۔

مندرجہ بالا ڈیٹا بیس کی مدد سے ہم تمام قابل ٹیکس افراد کو ٹیکس نیٹ میں لا سکتے ہیں اور بہتر قومی معاشی منصوبہ بندی بھی کر سکتے ہیں۔ اس کی تمام تر تفصیلات ایک کیس سٹڈی میں موجود ہیں جس میں پورے ٹیکس نظام کی ریڈیکل ری ویمپنگ اور ری اسٹرکچرنگ کے لیے ایک روڈ میپ، جس میں وسیع، کم شرح والے ٹیکس اور آٹومیشن کے ذریعے وصولی کا مشورہ شامل ہیں۔

ٹیکس اصلاحات جو آج تک کی گئی ہیں، بنیادی طور پر پیچ ورک رہی ہیں اور یہ فضولیت مشق ثابت ہوئی ہیں۔ نظام کی اصلاح کے لیے بنائے گئے ٹیکس اصلاحاتی کمیشن اور مشاورتی کمیٹیاں ناکام ثابت ہوئی ہیں کیونکہ وہ حقیقی وجوہات پر توجہ دینے کے بجائے لاعلاج یا بصورت دیگر علامات کے لیے علاج تجویز کرتی رہی ہیں۔

اصلاحات، بشمول ورلڈ بینک کی مالی اعانت سے چلنے والا 6 سالہ ٹیکس ایڈمنسٹریشن ریفارمز پروجیکٹ (TARP) لوگوں کو رضاکارانہ ٹیکس کی تعمیل کی طرف ترغیب دینے میں بری طرح ناکام رہا۔ ٹیکس فائلرز کی تعداد (ان کو چھوڑ کر جو قابل ٹیکس حد سے کم آمدنی اور صفر رقم جمع کراتے ہیں تاکہ وہ ایکٹو ٹیکس دہندگان کی فہرست کا حصہ بن سکیں تاکہ ظالمانہ ودہولڈنگ ٹیکس سے بچ سکیں) پیچیدہ طریقہ کار کی وجہ سے اب بھی انتہائی کم ہے۔ یہ حقیقت ہے کہ پیچیدہ الیکٹرانک ریٹرن فائل کرنا پڑھے لکھے طبقے کے لیے بھی ممکن نہیں، چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباری اداروں (SMEs) اور چھوٹی سطح پر کاروبار کرنے والے افراد کی تو کیا ہی بات کی جائے۔ سیلز ٹیکس رجسٹرڈ افراد کی تعداد اور وہ لوگ جو درحقیقت کوئی خاص رقم ادا کرتے ہیں اس سے بھی زیادہ قابل رحم ہے (50,000 سے بھی کم)۔

2020 میں وفاقی حکومت نے پاکستان ریزز ریونیو (PRR) پروجیکٹ کے لیے 400 ملین امریکی ڈالر کا قرضہ حاصل کیا۔ واضح رہے کہ پاکستان ریزز ریونیو (PRR) پروجیکٹ کی کل لاگت کا تخمینہ 1.6 بلین امریکی ڈالر لگایا گیا ہے جس میں ہم منصب کا تعاون 1.2 بلین ڈالر اور IDA کی فنانسنگ 400 ملین امریکی ڈالر ہے۔

وفاقی حکومت کے نقش قدم پر چلتے ہوئے پنجاب حکومت نے بھی ٹیکس اصلاحات کے لیے ورلڈ بینک سے 304 ملین امریکی ڈالر قرض لینے کا فیصلہ کیا اور اس کی منظوری پلاننگ کمیشن نے 16 ستمبر 2020 کو دی تھی۔ قرضے لینے سے پہلے سٹیک ہولڈرز کو آن بورڈ نہیں لیا جاتا۔

ہمارا موجودہ انکم ٹیکس آرڈیننس 2001 معاشرے کے طاقتور طبقوں کو حاصل غیر معمولی ٹیکس فری مراعات میں اضافہ کرتا ہے (گذشتہ دو سالوں میں معافی، مراعات اور چھوٹ کی وجہ سے 6 ٹریلین روپے کا ٹیکس نقصان ہوا جسے سرکاری دستاویزات میں انتہائی کم بیان کیا گیا ہے)۔

بامعنی تبدیلی کے لیے واحد قابل عمل آپشن یہ ہے کہ موجودہ ٹیکس نظام کو سادہ، کم شرح والے ٹیکس نظام کے ساتھ بدل دیا جائے جو وسیع بنیاد پر پریکٹیکل اور ترقی کی طرف راغب ہو۔ اس طرح کے نظام کے قائم ہونے سے جو لوگ ٹیکس نیٹ میں نہیں ہیں یا جو درست انکشافات سے گریز کرتے ہیں، ان کی حوصلہ افزائی ہو گی کہ وہ رضاکارانہ طور پر ایمانداری اور تن دہی سے ٹیکس ادا کریں۔ یہ نظام بہتر تعمیل کے لیے ترغیبات پیدا کرے گا اور تیز اقتصادی ترقی کا باعث بنے گا۔

سرمایہ کاری کی ترغیب دینے، ترقی کو تیز کرنے، معاشرے کے تمام افراد کو فائدہ پہنچانے، معاشی خوشحالی کو یقینی بنانے اور موجودہ فرسودہ اور ناکارہ ٹیکس نظام کی تشکیل نو کے لیے ایک مثالی تبدیلی کی ضرورت ہے۔ اسے مجموعی طور پر معاشرے کی فلاح و بہبود کے لیے، ٹیکس دہندگان کے پیسے کے شفاف اور معیاری خرچ، اور ہر فرد کی ترقی اور معاشی بہبود کو ترغیب دینے کے ساتھ مشروط کرنا چاہیے۔

مضمون نگار وکالت کے شعبے سے وابستہ ہیں اور متعدد کتابوں کے مصنف ہیں۔ وہ لاہور یونیورسٹی آف مینجمنٹ سائنسز (LUMS) میں ایڈجنکٹ فیکلٹی، ممبر ایڈوائزری بورڈ اور پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف ڈویلپمنٹ اکنامکس (PIDE) کے سینیئر وزٹنگ فیلو ہیں۔