Get Alerts

کنٹینر پر فائرنگ، عمران خان زخمی حالت میں شوکت خانم اسپتال منتقل

کنٹینر پر فائرنگ، عمران خان زخمی حالت میں شوکت خانم اسپتال منتقل
وزیر آباد کے قریب عمران خان کنٹینر پر فائرنگ ہوئی ہے جس کے نتیجے میں عمران خان زخمی ہو گئے ہیں۔ تازہ ترین اطلاعات کے مطابق انہیں لاہور میں شوکت خانم اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔

اب تک کی تفصیلات کے مطابق عمران خان کی ایک ٹانگ پر پٹی بندھی ہے اور انہیں ایمبولینس میں ڈال کر ہسپتال لے جایا جا رہا ہے۔ اطلاعات آ رہی ہیں کہ فائرنگ کے نیتجے فیصل جاوید خان بھی زخمی ہوئے ہیں۔

سینیئر صحافی حامد میر کے مطابق حملہ آور کا نام محمد نوید ولد محمد بشیر ہے۔ وہ ضلع وزیرآباد کے علاقے سودھرا کا رہائشی ہے۔ اسے 9 ایم ایم اور ایک خالی میگزین کے ساتھ گرفتار کر لیا گیا ہے۔



تازہ ترین اطلاعات







رپورٹ رفعت اللہ اورکزئی - ‘یہ جو نامعلوم ہیں، ہم سب کو معلوم ہیں’: پی ٹی آئی کارکنان کا پشاور کور کمانڈر ہاؤس کے باہر احتجاج

پشاور کے گنجان آباد علاقے گل بہار سے مظاہرین ٹولیوں کی شکل میں وزیر اعلیٰ ہاؤس کی طرف روانہ ہوئے اور چند ہی منٹ کے بعد یہ قافلہ ایک جلوس کی شکل میں تبدیل ہوا۔

جلوس میں موجود پشاور کے نوجوان صحافی ملک اسمٰعیل نے بتایا کہ پی ٹی آئی کے صوبائی وزرا تیمور سلیم جھگڑا، کامران بنگش اور ایم پی اے حاجی فضل الٰہی احتجاج کی قیادت کررہے تھے۔

انہوں نے کہا کہ اس دوران کوئی تین سو کے قریب پی ٹی آئی کے کارکن وزیر اعلیٰ ہاؤس جاتے ہوئے کچھ وقت کے لئے کور ہیڈ کوارٹرز کے سامنے رک گئے اور وہاں شدت نعرہ بازی کی گئی۔ اس موقع پر مظاہرین ‘یہ جو نامعلوم ہیں، ہم سب کو معلوم ہیں’ کے نعرے لگاتے رہے اور باہر کھڑی پولیس کی بکتر بند گاڑی پر اپنا غصہ نکالتے رہے۔

کور کمانڈر کے دفتر کے سامنے پولیس کی بھاری نفری موجود تھی۔ پولیس اہلکار مظاہرین کو پرامن رہنے کے اشارے کرتے رہے۔




واقعے کے ذمہ دار شہباز شریف، رانا ثنااللہ، میجر جنرل فیصل ہیں: عمران خان کا الزام

پی ٹی آئی رہنما اسد عمر نے ایک ہنگامی پریس کانفرنس میں کہا ہے کہ سابق وزیر اعظم عمران خان کی جانب سے تین لوگوں پر الزام عائد کیا گیا ہے جو اس واقعے کے ذمہ دار ہیں۔ اسد عمر کے مطابق عمران خان نے وزیر اعظم شہباز شریف، وزیرِ داخلہ رانا ثنااللہ اور میجر جنرل فیصلہ پر اس واقعے کا الزام عائد کیا ہے اور کہا ہے کہ انہیں اس حملے کی پہلے سے اطلاعات مل رہی تھیں اور انہی تین لوگوں کے بارے میں اطلاعات تھیں۔

https://twitter.com/nayadaurpk_urdu/status/1588188841545973760




عمران خان کو دو گالیاں لگیں: شوکت خانم اسپتال ذرائع

شوکت خانم ہسپتال کے ذرائع نے تصدیق کی ہے کہ عمران خان کا سی ٹی سکین کر لیا گیا ہے جس میں پتہ چلا ہے کہ عمران خان کو ایک گولی پنڈلی کی ہڈی (Tibia) میں لگی ہے اور ایک ٹانگ کو چھو کر گزری ہے۔ عمران خان کے علاوہ جو دو لوگ زیر علاج ہیں ان کے بارے میں بتایا گیا ہے کہ وہ سکیورٹی گارڈ ہیں۔ ان میں سے ایک گارڈ کے پاؤں پہ گولی لگی ہے۔ ہسپتال ذرائع کا کہنا ہے کہ ہمیں بتایا گیا ہے کہ تین مزید زخمی لوگ شوکت خانم ہسپتال لائے جا رہے ہیں۔

اس سے قبل شوکت خانم اسپتال لاہور کے چیف ایگزیکٹیو آفیسر اور عمران خان کے سابق معاون برائے صحت ڈاکٹر فیصل سلطان کا کہنا تھا کہ اس وقت میڈیا سے بات کرنا اس لئے ضروری ہے تاکہ چہ مگوئیاں اور افواہیں ختم کی جا سکیں۔ انہوں نے بتایا کہ 4 رکنی میڈیکل بورڈ میں آرتھوپیڈک سرجن سمیت مختلف ماہرین شامل ہیں جو عمران خان کا معائنہ کر چکے ہیں۔
اس سوال کے جواب میں کہ عمران خان کو کتنی گولیاں لگی ہیں، فیصل سلطان کا کہنا تھا کہ ٹانگ میں گولی کے ایک سے زائد ٹکڑے ہیں لیکن اس سوال کا تفصیلی جواب ہم اپنی ابتدائی رپورٹ میں دیں گے۔

انہوں نے بتایا کہ عمران خان کے علاوہ ایک دو اور لوگ ہیں جن کا ہم علاج کر رہے ہیں۔ فیصل جاوید خان یہاں نہیں ہیں۔




قاتل کرائے پر مقرر کیے گئے: حماد اظہر

حماد اظہر کا کہنا ہے کہ یہ اتنا آسان نہیں کہ فوری اعتراف آ گیا ہے، عوام کو بیوقوف سمجھنا بند کریں۔ قاتل کرائے پر مقرر کیے گئے، ماضی میں پیسوں کے عوض خودکش حملہ آوروں کی خدمات حاصل کی جاتی رہی ہیں۔

شہباز گل کا کہنا ہے کہ ویڈیو میں اقبالی بیان دینے والا شخص اور فائرنگ کرنے والے کے کپڑوں میں فرق ہے، قوم اتنی بے وقوف نہیں ہے۔




پشاور کور کمانڈر ہاؤس کے باہر پاکستان تحریکِ انصاف کارکنان کا احتجاج

ملک کے مختلف شہروں میں حملے کے فوراً بعد احتجاج شروع کر دیا گیا تھا۔ اس وقت پشاور کور کمانڈر ہاؤس کے باہر پاکستان تحریکِ انصاف کے کارکنان کا احتجاج جاری ہے۔ اس کی ویڈیو دیکھیے۔

https://twitter.com/nayadaurpk_urdu/status/1588175375884255232




واقعہ پنجاب میں پیش آیا، سکیورٹی پنجاب پولیس کے تحت تھی: مریم اورنگزیب

وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ یہ واقعہ انتہائی قابلِ مذمت ہے جس کی مکمل تحقیقات ہونی چاہئیں اور تحقیقات سے قبل غیر ذمہ دارانہ الزامات سے سب کو گریز کرنا چاہیے۔ مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ یہ واقعہ پنجاب میں پیش آیا اور پنجاب پولیس کے تحت ہی سکیورٹی یہان موجود تھی جو پنجاب حکومت کے ماتحت ہے۔




آئی ایس پی آر کی جانب سے واقعے کی مذمت

آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ گوجرانوالہ میں لانگ مارچ کے قریب فائرنگ کا واقعہ انتہائی قابل مذمت ہے۔ چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی جلد صحتیابی کیلئے دعا گو ہیں، فائرنگ میں جاں بحق شخص اور زخمیوں کیلئے دعا گو ہیں۔

آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ واقعے میں عمران خان سمیت تمام زخمی افراد کی جلد صحتیابی کیلئے دعاگو ہیں۔




'حملہ آور ماضی میں چوری کے الزام میں جیل بھی جا چکا ہے'

حملہ آور کے متعلق تفصیلات بھی سامنے آ رہی ہیں۔ مقامی رپورٹرز کے مطابق محلے داروں نے بتایا ہے کہ اس شخص کا ایک پولیس ریکارڈ موجود ہے اور یہ ماضی میں چوری کے الزام میں جیل بھی رہ چکا ہے۔




کل رات بتایا تھا وزیر آباد میں خان پر قاتلانہ حملہ ہوگا: اعجاز چودھری

Ejaz Chaudhry tweet

پی ٹی آئی رہنما سینیٹر اعجاز چودھری نے کہا ہے کہ انہوں نے گذشتہ شب ہی بتایا تھا کہ وزیر آباد میں عمران خان پر حملہ ہوگا۔ "میں نےکل رات احمد چٹھہ کوفون پر بتایاتھا کہ وزیرآباد میں خان پر قاتلانہ حملہ ہوگا سو قاتلانہ حملہ ہوگیا۔ایک کارکن شہید ہوگیا اور ہمارے چار لیڈر زخمی ہوئے۔ تمہی نے چھیڑ دیا موت و زندگی کا سوال اب اس سوال کے زندہ جواب اُبھریں گے۔"

یاد رہے کہ عمران خان پر وزیر آباد میں جس جگہ حملہ ہوا، قافلے کے شیڈول میں یہ سٹاپ شامل نہیں تھا۔ یہ فیصلہ اچانک ہوا اور یہیں پر عمران خان پر حملہ ہو گیا۔

انہوں نے صحافی مبشر حسن سے بات کرتے ہوئے کہا کہ انہیں اپنے ذرائع سے ایک روز قبل یہ اطلاع موصول ہوئی تھی کہ عمران خان پر آج حملہ ہونے والا تھا۔ ان کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی لیڈران اور پولیس کی ضلعی انتظامیہ کو یہ اطلاع دے دی گئی تھی اور ان سے کہا گیا تھا کہ آج سکیورٹی انتظامات تیز کر دیں۔




نواز شریف، وزیر اعظم شہباز اور مریم نواز جانب سے کی عمران خان کے قافلے پر حملے کی مذمت

مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف کا کہنا ہے کہ میں عمران خان اور ان کے ساتھیوں پر فائرنگ کی مذمت کرتا ہوں اور زخمیوں کی صحتیابی کے لئیے دعا گو ہوں۔

https://twitter.com/NawazSharifMNS/status/1588160082256306176

وزیر اعظم شہباز شریف نے حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ انتہائی قابلِ افسوس واقعہ ہے جس کی فوری تحقیقات ہونی چاہئیں۔

مریم نواز کا کہنا تھا کہ عمران خان پر فائرنگ کی مذمت کرتی ہوں اور ان سمیت تمام زخمیوں کی صحت کے لئے اللّہ تعالی سے دعاگو ہوں۔




عمران خان لوگوں کو گمراہ کر رہا تھا، میں نے اس کو مارنے کی کوشش کی: حملہ آور کا بیان

حملہ آور کا ایک بیان پولیس نے ریکارڈ کیا ہے جس میں یہ شخص دعویٰ کر رہا ہے کہ یہ اپنی بائیک پر لاہور سے لانگ مارچ کے ساتھ آیا اور یہ 'عمران خان ہی کو قتل کرنا چاہتا تھا۔' اس نے کہا کہ عمران خان لوگوں کو گمراہ کر رہا تھا اور مجھ سے یہ چیز دیکھی نہیں گئی۔

پولیس کے اس سوال پر کہ تم نے ایسا کیوں کیا، اس کا جواب تھا کہ میں نے دیکھا کہ باہر اذانیں ہو رہی ہیں اور کنٹینر پر اونچی آواز میں گانے لگے ہیں۔ میرے سے یہ برداشت نہیں ہوا اور میں نے فیصلہ کیا کہ میں اس کو قتل کروں گا۔ میرا مقصد صرف اس کو قتل کرنا تھا اور اسی پر میں نے گولی چلائی۔

حملہ آور نے بتایا کہ میرے پیچھے کوئی شخص یا تنظیم نہیں۔ یہ میرا ذاتی فیصلہ تھا۔ میں لاہور سے اپنی موٹر سائیکل پر آیا اور بائیک ماموں کے شو روم پر کھڑی کر دی تھی۔






مجھ سے وعدہ کرو اس کا بدلہ لو گے: فواد چوہدری کی کنٹینر سے جذباتی تقریر

فواد چودھری نے کنٹینر پر کھڑے ہو کر جذباتی انداز میں کارکنوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ہم یہاں سے نہیں جائیں گے، یہاں ہمارا خون بہا ہے۔ پورے پاکستان میں تحریک انصاف کے لوگوں کو کہتا ہوں کہ مجھ سے وعدہ کرو کہ اس کا بدلہ لو گے۔ ہم بندوقوں والی پارٹی نہیں ہیں۔ بزدل لوگ جو اس کے پیچھے ہیں کان کھول کر سن لو ہم اس کا بدلہ لیں گے۔ احمد چٹھہ شدید زخمی ہیں۔ فیصل جاوید شدید زخمی ہیں۔ یہان کے دو ایم پی اے زخمی ہیں۔ عمر ماہر کو گولی لگی ہے۔ عمران خان کے سینے کا نشانہ لیا گیا۔ یہ پورے پاکستان پر حملہ ہوا ہے۔ یہ پاکستان کے عوام پر حملہ ہوا ہے اور پاکستان کے عوام اس کا بدلہ لیں گے۔






وہ منظر جب کنٹینر پر اچانک گولیاں چلنے لگیں

https://twitter.com/nayadaurpk_urdu/status/1588147461499113474




موقع پر موجود رپورٹر کی جانب سے واقعے کا آنکھوں دیکھا حال

رپورٹر مرزا یاسر رمضان کنٹینر کے ساتھ موقع پر موجود تھے جب اچانک گولیاں چلنے کی آواز آئی۔ انہوں نے اپنی آنکھوں سے جو منظر دیکھا، اس ویڈیو میں بیان کر رہے ہیں۔






گرفتار ہونے والا شخص میرا گارڈ ہے، غلطی سے پکڑا گیا: عالمگیر خان

کراچی سے پی ٹی آئی رکن قومی اسمبلی عالمگیر خان کے مطابق گرفتار ہونے والا شخص میرا گارڈ ہے۔

اطلاعات کے مطابق ایک شخص گرفتار ہوا ہے جس کا نام نوید ولد محمد بشیر ہے۔ عالمگیر خان کا کہنا ہے کہ یہ آدمی ان کا گارڈ تھا۔ ان کا کہنا ہے کہ اس کو غلطی سے پکڑا گیا ہے۔




احمد علی چٹھہ محفوظ ہیں: حماد اظہر

پی ٹی آئی رہنما حماد اظہر نے کہا ہے کہ وزیر آباد سے پارٹی کے ٹکٹ ہولڈر احمد علی چٹھہ کو دو گولیاں لگی ہیں مگر وہ محفوظ ہیں۔ میں ان کے ساتھ ہوں۔ اس سے قبل اطلاعات تھیں کہ ان کو گولی پسلیوں کے عین نیچے لگی ہے۔ نیا دور کو موصول فوٹیج کے مطابق احمد علی چٹھہ کو سٹریچر پر اسپتال لے جایا گیا تھا۔ اطلاعات تھیں کہ ان کی حالت تشویشناک ہے لیکن اب حماد اظہر نے بتایا ہے کہ حالت خطرے سے باہر ہے اور ان کا آپریشن ہو رہا ہے جس میں ان کے جسم سے گولیاں نکالی جائیں گی۔




گولی لگنے کے بعد عمران خان کی کنٹینر سے باہر آتے ہوئے ویڈیو فوٹیج آ گئی

https://twitter.com/nayadaurpk_urdu/status/1588140976392097792

فیصل جاوید خان نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے بتایا ہے کہ عمران خان محفوظ ہیں، انہیں ایک گولی لگی ہے لیکن ان کا خون رک گیا ہے اور انہیں محفوظ مقام پر منتقل کر دیا گیا ہے۔




عمران خان پر فائرنگ کرنے والے شخص کا نام نوید ولد محمد بشیر ہے: رپورٹ

تازہ ترین اطلاعات کے مطابق حملہ آور گرفتار ہو گیا ہے اور اس کان نوید ولد محمد بشیر ہے۔ اس شخص کو فوٹیج میں دیکھا جا سکتا ہے کہ اس نے کالا کوٹ پہن رکھا ہے جب کہ ایک شخص عقب سے اس کو روکنے کی کوشش کر رہا ہے۔




رانا ثنااللہ کے خلاف مقدمہ درج کرائیں گے: عمران اسماعیل

کراچی سے پی ٹی آئی کے رہنما عمران اسماعیل کے مطابق عمران خان کو تین گولیاں لگیں لیکن ان کا کہنا تھا کہ وہ یہ بات پورے وثوق سے نہیں کہہ سکتے، البتہ ان کی ٹانگ سے خون بہت بہہ رہا تھا۔

عمران اسماعیل کا کہنا تھا کہ پارٹی نے وزیرِ داخلہ رانا ثنااللہ کے خلاف مقدمہ درج کروائیں گے۔

برسٹ فائر کرنے والے دو افراد تھے۔ عمران اسماعیل کے مطابق ایک شخص نے کالا کوٹ پہن رکھا تھا جب کہ دوسرے شخص نے نیلے رنگ کی شلوار قمیض پہن رکھی تھی۔ انہوں نے مزید بتایا کہ یہ پسٹل نہیں تھا بلکہ آٹومیٹک اسلحہ تھا کیونکہ ایک ایک کر کے گولی نہیں چلی، پورا برسٹ مارا گیا ہے۔

تاہم، پولیس نے اگر اس شخص کو گرفتار کیا ہے تو عمران اسماعیل کے مطابق پی ٹی آئی کو اطلاع نہیں دی گئی۔

انہوں نے کہا کہ کنٹینر اسی چوک میں موجود رہے گا جب تک کہ عمران خان صاحب مزید کوئی ہدایات جاری نہیں کرتے۔




ایک کارکن شہید ہوا ہے: فیصل جاوید خان

تازہ ترین اطلاعات کے مطابق عمران خان کے کنٹینر پر حملہ ہوا ہے جس میں فیصل جاوید خان بھی زخمی ہوئے ہیں اور انہوں نے بتایا ہے کہ ایک شخص گولی لگنے سے شہید بھی ہوا ہے جب کہ ایک بچے سمیت کل 9 افراد زخمی ہیں۔

جیو نیوز سے بات کرتے ہوئے فیصل جاوید خان نے کہا کہ دعا کیجیے اللہ عمران خان کو محفوظ رکھے۔

ایک اور ویڈیو کے مطابق ایک شخص کے ہاتھ میں پستول دیکھی جا سکتی ہے اور اسے کوئی پیچھے سے روکنے کی کوشش کر رہا ہے۔ لیکن اس کے باوجود گولیوں کا برسٹ مارا گیا۔ برسٹ مارے جانے کے بعد ایک گولی اور چلی۔ اس گولی کے بعد ایک شخص کنٹینر سے گرتا ہوا نظر آ رہا ہے۔

https://twitter.com/nayadaurpk_urdu/status/1588136410619551744

عمران خان کی داہنی ٹانگ میں گولی لگنے کے بعد انہیں ایک بلٹ پروف گاڑی میں اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔




پولیس کی نفری معمول سے کم تھی

موقع پر موجود جیو نیوز کے رپورٹر ذیشان بخش کے مطابق آج پولیس کی نفری معمول سے کچھ کم تھی۔ آج کے لئے کوئی خصوصی انتظامات نہیں کیے گئے تھے۔

عمران خان عمومی طور پر نماز کے وقفوں اور کسی ملکی یا بین الاقوامی میڈیا نمائندے کو انٹرویو دینے کے لئے ہی کنٹینر کے فرنٹ سے ہٹتے ہیں وگرنہ عمران خان مسلسل کارکنان کے سامنے ہی ہوتے ہیں۔

یاد رہے کہ اس لانگ مارچ کے دوران کئی مقامات پر آتش بازی بھی ہوتی رہی ہے لہٰذا لوگوں کو ابتدائی طور پر احساس نہیں ہوا کہ یہ فائرنگ کا واقعہ ہے۔

پی ٹی آئی کی جانب سے جاری کیے جانے والے شیڈول کے مطابق عمران خان کو اس مقام پر تقریر نہیں کرنا تھی۔ قافلے نے اس مقام پر رکنا بھی نہیں تھا لیکن یہ شیڈول سے ہٹ کر سٹاپ لیا گیا اور یہیں پر فائرنگ کر دی گئی۔




اس خبر کو اب مزید اپ ڈیٹ نہیں کیا جائے گا۔