Get Alerts

ایشیا کپ: پاکستان نے ہانگ کانگ کو 155 رنز سے شکست دے کر سپر فور مرحلے کیلئے کوالیفائی کرلیا

ایشیا کپ: پاکستان نے ہانگ کانگ کو 155 رنز سے شکست دے کر سپر فور مرحلے کیلئے کوالیفائی کرلیا
ایشیا کپ ٹی ٹونٹی ٹورنامنٹ کے اہم میچ میں پاکستان نے ہانگ کانگ کو 155 رنز کے بڑے مارجن سے شکست دے کر سپر فور مرحلے کیلئے کوالیفائی کرلیا، 194 رنز کے ہدف کے تعاقب میں ہانگ کانگ کی ٹیم 38 رنز پر ہی ڈھیر ہوگئی، ہانگ کانگ کا کوئی بیٹر ڈبل فگر میں داخل نہ ہو سکا، پاکستان کی طرف سے محمد رضوان نے 78 رنز کی ناٹ آئوٹ اننگز کھیلی، شاداب خان نے 8 رنز کے عوض 4 اور محمد نواز نے 5 رنز کے عوض 3 وکٹیں حاصل کیں، محمد رضوان کو شاندار پرفارمنس پر پلیئر آف دی میچ قرار دیا گیا، پاکستان کی ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل میں رنز کے اعتبار سے یہ سب سے بڑی کامیابی ہے۔

https://twitter.com/TheRealPCB/status/1565746398523539456?s=20&t=VXH9PXoSkhtQSUz3Ru5SlA

جمعہ کو دبئی انٹرنیشنل کرکٹ سٹیڈیم میں جاری ایشیا کپ کے گروپ اے کے اہم میچ میں ہانگ کانگ کے کپتان نزاکت خان نے ٹاس جیت کر پاکستان کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔ پاکستان نے مقررہ 20 اوورز میں 2 وکٹوں کے نقصان پر 193 رنز بنائے۔ پاکستان کی اننگز کا آغاز کچھ اچھا نہ تھا جب کپتان بابراعظم 9 رنز بنا کر آئوٹ ہوگئے۔ اس کے بعد محمد رضوان اور فخر زمان نے شاندار بیٹنگ کرتے ہوئے116 رنز کی شراکت قائم کی۔ محمد رضوان نے 57 بالوں پر 78 رنز کی ناٹ آئوٹ اننگز کھیلی۔

https://twitter.com/TheRealPCB/status/1565754295601041410?s=20&t=VXH9PXoSkhtQSUz3Ru5SlA

ان کی اننگز میں ایک چھکا اور 6 چوکے شامل ہیں۔ فخر زمان 53 رنز بنا کر آئوٹ ہوئے۔ خوشدل شاہ نے 15 بالوں پر 35 رنز کی ناٹ آئوٹ اننگز کھیلی۔ انہوں نے اننگز کے آخری اوور میں لگاتار 4 چھکے مارے۔ ہانگ کانگ کی طرف سے احسان خان نے 2 وکٹیں حاصل کیں۔ پاکستان کے 194 رنز کے ہدف کے تعاقب میں ہانگ کانگ کی ٹیم صرف 38 رنز پر ہی ڈھیر ہوگئی جبکہ ابھی اننگز کے 9 اوورز باقی تھے۔

https://twitter.com/TheRealPCB/status/1565757783638695943?s=20&t=VXH9PXoSkhtQSUz3Ru5SlA

پاکستانی بائولرز کی تباہ کن پرفارمنس کی بدولت ہانگ کانگ کا کوئی بیٹر ڈبل فگر میں داخل نہ ہو سکا۔ پاکستانی لیگ سپنر شاداب خان نے 2.4 اوورز میں 8 رنز کے عوض 4 وکٹیں حاصل کیں۔ محمد نواز نے 5 رنز کے عوض 3، فاسٹ بائولر نسیم شاہ نے 2 اور شاہنواز دھانی نے ایک کھلاڑی کو آئوٹ کیا۔ اس فتح کے بعد پاکستان نے ایشیا کپ کے سپر فور مرحلے کے لئے کوالیفائی کرلیا ہے۔ محمد رضوان کو شاندار پرفارمنس پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔