تبلیغی جماعت کے 41 ہزار کارکنان غائب، 10 ہزار مزید افراد کو کرونا وائرس منتقل ہو سکتا ہے

تبلیغی جماعت کے 41 ہزار کارکنان غائب، 10 ہزار مزید افراد کو کرونا وائرس منتقل ہو سکتا ہے
تبلیغی جماعت سے متعلق روز نت نئی خبریں آرہی ہیں اور واضح ہوتا جا رہا ہے کہ کیسے تبلیغی جماعت کی انتظامیہ  نے  سنگین غفلت کے ساتھ اپنے اجتماعات اجری رکھے جو ملک بھر میں کرونا کے پھیلاؤ کا سبب بنے ہیں۔ اب اس حوالے سے ایک اور خبر سامنے آئی ہے۔

دی نیوز کی خبر کے مطابق نیشنل کمانڈ اینڈ کنٹرول سسٹم میں موجود ایک  افسر نے نام نہ ظاہر کرنے کی شرط کے ساتھ بتایا ہے کہ تبلیغی جماعت کے 41 ہزار کارکن غائب ہوچکے ہیں۔ یہ وہ کارکن ہیں جنہوں نے رائیونڈ میں تبلیغی اجتماع میں شرکت کی تھی اور یہاں کرونا کے متعدد مریض سامنے آئے تھے۔ خبر میں کہا گیا ہے کہ متعلقہ حکام نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ یہ افراد مزید 10 ہزار افراد میں یہ وائرس منتقل کرنے کا سبب بن سکتے ہیں۔ 

خبر میں مزید انکشاف کیا گیا ہے کہ رائیونڈ میں ہونے والے اس اجتماع میں 4500 کے قریب افراد غیر ملکی تھے جو اب اپنے ممالک کو واپس جا چکے ہیں۔ خبر کے مطابق یہ افرد 60 شہروں میں پھیل چکے ہیں اور انہیں ڈھونڈنے کے لئے 5 ہزار سے زائد ٹیمز تشکیل دی گئیں ہیں۔

یاد رہے کہ گزشتہ روز مولانا طارق جمیل نے تبلیغی جماعت کے کارکنان کو اپیل کی ہے کہ وہ مراکز کو خالی کر کے حکومت سے تعاون کریں۔ جب کہ دوسری جانب سپیکر پنجاب اسمبلی پرویز الٰہی تبلیغی جماعت کے ساتھ ہونے والی مبینہ زیادتیوں پر بھی برہم دکھائی دیئے ہیں