تبلیغی جماعت کے اجتماع سے واپس آنے والا ایک اور شہری کرونا وائرس کا شکار، انتظامیہ نے متاثرہ شخص کا پورا علاقہ سیل کر دیا

تبلیغی جماعت کے اجتماع سے واپس آنے والا ایک اور شہری کرونا وائرس کا شکار، انتظامیہ نے متاثرہ شخص کا پورا علاقہ سیل کر دیا
تبلیغی جماعت کے اجتماع سے واپس آنے والے شہری میں کرونا وائرس کی تصدیق، متاثرہ شخص سے سینکڑوں افراد میں وائرس پھیلنے کا خطرہ، اسلام آباد انتظامیہ نے شہزاد ٹاؤن کے علاقے کو سیل کر دیا۔

نمائندہ نیا دور میڈیا کے مطابق وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے علاقے شہزاد ٹاؤن کا رہائشی نوجوان فیصل محمود حال ہی میں لاہور میں تبلیغی جماعت کے اجتماع میں شرکت کر کے واپس اپنے علاقے میں آیا تھا، جس کے بعد ان کی ساس فوت ہو گئی اور انھوں نے نہ صرف جنازے میں شرکت کی بلکہ درجنوں لوگوں سے بھی ملے، جس کے بعد ان کی طبیعت خراب ہو گئی اور ان کا کرونا ٹیسٹ مثبت آیا ہے۔

اسلام آباد انتظامیہ نے فیصل محمود کا ٹیسٹ مثبت آنے کے بعد شہزاد ٹاؤن کے علاقے کو مکمل طور پر سیل کیا اور علاقے میں موجود لوگوں کی سکریننگ شروع کر دی ہے۔

اسلام آباد کے ڈپٹی کمشنر محمد حمزہ شفقات کے مطابق فیصل محمود اسلام آباد کے شہزاد ٹاؤن کے رہائشی ہیں اور انھوں نے حال ہی میں تبلیغی اجتماع میں شرکت کی تھی اور واپسی پر انھوں نے اپنی ساس کے جنازے میں شرکت کی جس کے بعد ان کی طبیعت خراب ہوئی اور بعد میں معلوم ہوا کہ وہ کرونا وائرس کا شکار ہو چکے ہیں۔

ڈپٹی کمشنر اسلام آباد نے احکامات جاری کیے ہیں کہ جس شخص نے بھی فیصل محمود کی ساس کے جنازے میں شرکت کی ہے، وہ اپنے آپ کو لوگوں سے الگ کریں تاکہ دوسرے لوگ متاثر نہ ہوں۔

حمزہ شفقات نے مزید کہا کہ فیصل محمود کی ساس کی فوتگی بروز جمعہ 20 مارچ کو ہوئی جس میں درجنوں لوگوں نے شرکت کی اس لئے انتظامیہ کی اپیل ہے کہ وہ تمام لوگ جو اس نماز جنازہ میں شریک تھے خود کو الگ کر دیں۔