اسلام آباد میں وفاقی کابینہ کے اجلاس کے بعد وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی اور دیگر وزرا کے ہمراہ پریس کانفرنس میں وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ ہم دنیا کے سامنے پاکستان کا سیاسی نقشے لے کر آرہے ہیں جو پاکستان کے عوام کی امنگوں کی ترجمانی کرتا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ یہ پاکستان اور کشمیر کے لوگوں کے اصولی مؤقف کی تائید کرتا ہے اور جو بھارت نے کشمیر میں پچھلے سے 5 اگست کو جو غاصبانہ اور غیرقانونی قدم اٹھایا تھا اس کی نفی کرتا ہے، آج سے سارے پاکستان میں پاکستان کا سرکاری نقشہ وہی ہوگا جس کو آج وفاقی کابینہ نے منظور کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اب سے یہ سکولوں اور عالمی سطح پر پاکستان کا یہ نقشہ آیا کرے گا۔
مسئلہ کشمیر سے متعلق انہوں نے کہا کہ میں پھر سے واضح کردوں کہ کشمیر کا صرف ایک حل ہے، وہ حل اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں میں ہے، جو کشمیر کے لوگوں کو حق دیتی ہیں کہ ووٹ کے ذریعے فیصلہ کریں کہ وہ پاکستان یا بھارت کے ساتھ جانا چاہتے ہیں۔ یہ حق انہیں عالمی برادری نے دیا تھا جو ابھی تک نہیں ملا اور ہم دنیا کو واضح طور پر کہنا چاہتے ہیں کہ اس کا واحد یہی حل ہے، اس کے علاوہ کوئی اور حل جیسا ہندوستان نے 5 اگست کو کیا اس سے کبھی حل نہیں ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ کشمیر کا ایک ہی حل ہے جس کے لیے ہم اور ہماری حکومت کوشش کرتی رہے گی اور اس کے لیے دنیا نے 1948 میں اقوام متحدہ کی قراردادوں کے تحت وعدہ کیا تھا۔
نقشے پر بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہ جو نقشہ ہے میں اپنی زندگی کے تجربے کہنا چاہتا ہوں کہ انسان اپنی منزل پر پہنچنے سے پہلے ایک تصور کرتا ہے کہ وہ جا کدھر رہا ہے، یہ نقشہ پہلا قدم ہے اور ہم سیاسی جدوجہد کریں گے۔ ہم فوجی حل کو نہیں بلکہ سیاسی حل کو مانتے ہیں، اقوام متحدہ کو بار بار یاد دلائیں گے کہ آپ کا ایک وعدہ تھا جس کو آپ نے پورا نہیں کیا۔
انہوں نے کہا کہ ان شااللہ ہماری جدوجہد جاری رہے گی، ہمیشہ اور جب تک میں زندہ ہوں یہ جدوجہد جاری رہے گی، سارے پاکستانی بھی جدوجہد کریں، جس طرح کشمیر کے لوگ اپنی آزادی کے لیے قربانی دے رہے ہیں۔ مجھے اپنے اللہ پر یقین ہے کہ ہم انشااللہ ایک دن اس منزل پر پہنچ جائیں گے۔
Political Map of Pakistan unveiled by Prime Minister Imran Khan.#CountdownToYoumeIstehsal#YOUM_E_ISTEHSAL#EndIllegalSiegeofKashmir#EndPersecutionofKashmiris#KashmirSiegeDay pic.twitter.com/7qwFGj8XPy
— Govt of Pakistan (@pid_gov) August 4, 2020