کراچی چیمبر آف کامرس نے کراچی کو اگلے 5 سالوں کے لیے فوج کے حوالے کرنے کا مطالبہ کر دیا۔
کراچی چیمبر میں بزنس مین گروپ کے چئیرمین سراج قاسم تیلی کا کہنا ہے کہ وفاق کا کراچی کو صاف ستھرا کرنے کا عزم قابل تحسین ہے، مستقبل بنیادوں پر شہر کی صفائی ستھرائی کو صرف فوج کی نگرانی کے ذریعے ممکن بنایا جاسکتا ہے، جب کہ شہر کے انفراسٹرکچر دیگر مسائل کا حل بھی ممکن ہے، کراچی کو بہتر بنانا ہے تو پانچ سال تک فوج کو سونپ دیا جائے، بصورت دیگر شہر کی تباہ کن صورتحال ملکی معیشت پر انتہائی منفی اثرات مرتب کرے گی۔
سراج قاسم تیلی نے کہا کہ 25 سال کے طویل عرصے بعد وفاقی حکومت کا کراچی کو بہتر بنانے کی نیت خوش آئند ہے، پچھلے 20 سالوں میں تمام سیاسی جماعتوں نے کراچی کو نظر انداز کیا اور یہی شہر میں تباہ کن صورتحال پیدا کرنے کا بنیادی سبب ہے، جو سیاسی جماعتیں 90 کی دہائی سے آج تک برسر اقتدار رہیں وہ کسی بھی ہمدردی کی مستحق نہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ صفائی مہم کے آغاز کو صرف دو دن ہی گزرے ہیں اور این ڈی ایم اے، ایف ڈبلیو او کی کوششوں سے فرق ظاہر ہو رہا ہے، این ڈی ایم اے اور ایف ڈبلیو او کو انفرااسٹرکچر کی تعمیر نو بالخصوص کراچی کے خستہ حال روڈ نیٹ ورک کو بہتر بنانے کا ٹاسک بھی دیا جائے، مقامی انتظامیہ کراچی والوں کو درپیش مشکلات کو کم کرنے میں بری طرح ناکام ہوچکی ہے، کراچی والوں اور کاروباری و صنعتی برادری کا مقامی انتظامیہ کی صلاحیتوں پر مکمل طور پر اعتماد ختم ہوچکا ہے۔