کینگروز 24 سال بعد پاکستان آنے کو تیار، کرکٹ آسٹریلیا نے اپنی ٹیم کو دورہ پاکستان پر بھیجنے کی منظوری دیدی ہے۔
پاکستان کے دورے کی منظوری کرکٹ آسٹریلیا کی بورڈ میٹنگ میں دی گئی۔
کرکٹ آسٹریلیا کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ آسٹریلین کرکٹ ٹیم پاکستان جا رہی ہے۔ چیف ایگزیکٹیو کرکٹ آسٹریلیا نک ہاکلے کا کہنا ہے کہ پی سی بی اور دونوں ممالک کی حکومتوں کا شکریہ ادا کرتا ہوں، دو ورلڈ کلاس ٹیموں کے درمیان دلچسپ سیریز کے منتظر ہیں۔
نک ہاکلے نے کہا کہ آسٹریلیا کی ٹیم 24 سال میں پہلی مرتبہ پاکستان کا دورہ کرے گی، دورہ کھیل کی ترقی اور اس کی مضبوطی کے لیے اہم ہے۔
https://twitter.com/CricketAus/status/1489505570381963270
چیف ایگزیکٹیو نک ہاکلے کا کہنا ہے کہ ٹورکی منصوبہ بندی کرنے پرکرکٹرز ایسوسی ایشن، کھلاڑیوں، کوچز، سپورٹ اسٹاف اور سکیورٹی ایکسپرٹ کا بھی شکریہ ادا کرتا ہوں۔
دوسری جانب پاکستان کرکٹ بورڈ(پی سی بی) نے آسٹریلیا کے دورہ پاکستان کا نیا شیڈول جاری کردیا۔ لاہور میں ہونے والے ون ڈے اور ٹی 20 میچز راولپنڈی منتقل کردیئے گئے۔
آسٹریلین کرکٹ ٹیم کے دورہ پاکستان کے لئے پی سی بی کی جانب سے ٹوئٹرپر جاری کئے گئے نئے شیڈول کے مطابق 3 ٹیسٹ، 3 ون ڈے اور ایک ٹی 20 میچ پر مشتمل سیریز کا آغاز راولپنڈی سے ہوگا۔
پہلا ٹیسٹ میچ 4 سے 8 مارچ تک راولپنڈی میں کھیلا جائیگا۔ سیریز کا دوسرا ٹیسٹ12 سے 16 مارچ تک کراچی میں ہوگا جبکہ تیسرا ٹیسٹ 21 سے 25 مارچ تک لاہورمیں کھیلا جائے گا۔
پاکستان اورآسٹریلیا کے درمیان 3 ون ڈے میچز اورایک ٹی 20 میچ راولپنڈی میں کھیلے جائیں گے۔پہلا ون ڈے 29مارچ ، دوسرا 31 مارچ اورتیسرا 2 اپریل کوکھیلا جائے گا۔
مہمان ٹیم5 اپریل کوسیریز کا واحد ٹی 20میچ کھیل کروطن واپس روانہ ہوجائے گی۔
میچز کے مقامات میں تبدیلی یوم پاکستان کی ریہرسل اور لاجسٹک مسائل کے باعث کی گئی۔