ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای نے جنرل قاسم سلیمانی کی ہلاکت کے بعد ان کے نائب اسماعیل قاآنی کو پاسداران انقلاب کی قدس فورس کا سربراہ مقرر کر دیا۔
ایران کی سرکاری نیوز ایجنسی کے مطابق قدس فورس کے نو منتخب سربراہ قاسم سلیمانی کے نائب چیف کی حیثیت سے کام کر رہے تھے۔
خیال رہے کہ عراق کے دارالحکومت بغداد میں ایئرپورٹ کے نزدیک امریکی فضائی حملے میں میجر جنرل قاسم سلیمانی مارے گئے تھے۔
ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای نے ایرانی پاسداران انقلاب کی قدس فورس کے نئے سربراہ کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ قدس فورس کی کمانڈ بریگیڈیئر جنرل اسماعیل قاآنی کو دی جاتی ہے جو مقدس دفاع میں اہم ترین کمانڈروں میں سے ایک ہیں اور انہوں نے شہید ہونے والے کمانڈر کے ساتھ مختلف علاقوں میں اپنی خدمات سرانجام دی ہیں۔
سپریم لیڈر نے مزید کہا کہ قدس فورس کا منصوبہ نئے چیف کے ساتھ بھی تبدیل نہیں ہوگا۔
خیال رہے کہ عراق کے دارالحکومت بغداد میں ایئرپورٹ کے نزدیک امریکی فضائی حملے میں ایرانی پاسداران انقلاب کی قدس فورس کے سربراہ میجر جنرل قاسم سلیمانی مارے گئے تھے۔
ایران نے بغداد کے ایئرپورٹ پر امریکی حملے میں قدس فورس کے سربراہ جنرل قاسم سلیمانی کے مارے جانے پر واشنگٹن سے بدلہ لینے کا عزم ظاہر کرتے ہوئے خطرناک نتائج کی دھمکی دی تھی۔
دوسری جانب امریکا کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ ایرانی پاسداران انقلاب کی قدس فورس کے سربراہ میجر جنرل قاسم سلیمانی کو بہت پہلے ہی قتل کر دینا چاہیے تھا۔
ڈونلڈ ٹرمپ نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ٹویٹ میں کہا کہ قاسم سلیمانی سے بہت سال پہلے ہی نمٹ لینا چاہیے تھا کیونکہ وہ بہت سے لوگوں کو مارنے کی سازش کر رہے تھے لیکن وہ پکڑے گئے۔