صوبہ پنجاب کی وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد کورونا میں مبتلا ہو گئی ہیں۔ انہوں نے ٹیسٹ مثبت آنے کے بعد خود کو گھر میں قرنطینہ کر لیا ہے۔
پنجاب حکومت کے ترجمان کے مطابق یاسمین راشد آج ڈینگی سے متعلق اجلاس میں شریک تھیں جس میں چیف سیکرٹری بھی موجود تھے۔ اجلاس میں شریک تمام افراد کو بھی کورونا ٹیسٹ کرانے کا کہا گیا ہے۔ یاسمین راشد کا کہنا ہے کہ بیٹے کا امریکا پہنچنے پر کورونا ٹیسٹ مثبت آیا تو اپنا بھی ٹیسٹ کرایا جو مثبت آیا۔
خیال رہے کہ ملک بھر میں گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس سے 2 اموات رپورٹ ہوئی ہیں۔ نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کی طرف سے جاری اعدادوشمار کے مطابق گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں 630 افراد کے کووڈ 19 ٹیسٹ مثبت آئے۔ ملک کے 4 بڑے شہروں میں وینٹیلیٹرز پر مریضوں کے تناسب کے لحاظ سے پشاور میں 12 فیصد،اسلام آباد میں 7 فیصد، لاہور میں 8 فیصد اور سرگودھا میں 13 فیصد مریض ہیں۔
اسی طرح سے ملک کے چار بڑے شہروں میں آکسیجن کی سہولیات والے بستروں پر کورونا کے مثبت کیسز کے تناسب کے لحاظ سے بہاولپور میں 8 فیصد،پشاور میں 8 فیصد،گجرات میں 11 فیصد اور اسلام آباد میں 13 فیصد مریض ہیں۔
گذشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران کورونا کے 44 ہزار 198 ٹیسٹس کیے گئے جن میں سے سندھ میں 10 ہزار 632، پنجاب میں 19 ہزار 485، خیبر پختونخوا میں 8 ہزار 879، اسلام آباد میں 4 ہزار 122، بلوچستان میں 344، گلگت بلتستان میں 254، آزاد کشمیر میں 482 ٹیسٹ شامل ہیں۔ اب تک ملک بھر میں اس مرض سے صحتیاب ہونے والوں کی تعداد 12 لاکھ 57 ہزار 355 ہو چکی ہے۔
بلوچستان، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان میں کووڈ کا کوئی بھی مریض اس وقت وینٹیلیٹر پر نہیں ہے جبکہ ملک بھر میں اس کے لیے مختص وینٹیلیٹرز پر 68 مریض ہیں۔
ملک بھر میں ایکٹو کیسز کی تعداد 11 ہزار 565 جبکہ متاثرہ افراد کی تعداد 12 لاکھ 97 ہزار 865 ہے جن میں سے آزاد کشمیر میں 34 ہزار 672، بلوچستان میں 33 ہزار 648، گلگت بلتستان میں 10 ہزار 429، اسلام آباد میں 1 لاکھ 8 ہزار 823، خیبرپختونخوا میں 1 لاکھ 81 ہزار 498،پنجاب میں 4 لاکھ 45 ہزار 630 اور سندھ میں 4 لاکھ 83 ہزار 165 مریض ہیں۔
ملک بھر میں کورونا وائرس سے جاں بحق ہونے والوں کی تعداد 28 ہزار 945 ہو چکی ہے جن میں سے سندھ میں 7 ہزار 673 اموات، پنجاب میں 13 ہزار 75 جبکہ گذشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران ایک مریض ہسپتال میں جاں بحق ہوا۔
خیبرپختونخوا میں 5 ہزار 933 اموات، اسلام آباد میں کل 967 اموات، بلوچستان میں کل 365 اموات جبکہ گذشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران ایک مریض ہسپتال میں اس وائرس سے جاں بحق ہوا۔
گلگت بلتستان میں 186 اموات، آزاد کشمیر میں اس وائرس سے 746 اموات ہو چکی ہیں۔ اب تک ملک بھر میں کورونا کے 2 کروڑ 35 لاکھ 58 ہزار 972 ٹیسٹ کیے جا چکے ہیں۔ ملک بھر میں کووڈ کے علاج کیلئے مختص 640 ہسپتالوں میں 722 مریض زیر علاج ہیں۔