ہم آخری چوائس نہیں، اگر مائنس ون کی بات آئی تو پھر مائنس تھری ہوگا: شیخ رشید

ہم آخری چوائس نہیں، اگر مائنس ون کی بات آئی تو پھر مائنس تھری ہوگا: شیخ رشید
وفاقی وزیر شیخ رشید نے کہا کہ ہم آخری چوائس ہیں نہ ہم مائنس ون ہیں لیکن اگر مائنس ون کی بات آئی تو پھر مائنس 3 ہوگا۔

لاہور میں نیوز کانفرنس کرتے ہوئے وفاقی وزیر ریلوے نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان بہت محنت کر کے حکومت چلانے کی کوشش کر رہے ہیں۔ ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ میں پاکستان تحریک انصاف کے اراکین سے گزارش کرتا ہوں کہ اپنے گندے کپڑے ٹی وی پر نہ دھوئیں۔

انہوں نے کہا کہ اپوزیشن وہ کام نہیں کررہی جو بعض سرکاری وزرا کررہے ہیں، اپوزیشن کچھ نہیں بگاڑ سکتی کیوں کہ یہ طے ہوچکا کہ اپوزیشن نالائق، کرپٹ ہے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ اب ہم نے ڈیلیور کرنا ہے ذمہ داری ہمارے اوپر ہے کہ ہم کس طرح عوام کو ڈیلیور کرسکتے ہیں، اور وزیراعظم عمران خان کو کس طرح ثابت کرسکتے ہیں لیکن افسوس کی بات یہ ہے کہ ہم اپنے گندے کپڑے ٹی وی پر دھو رہے ہیں اور جو کام اپوزیشن نہیں کرسکتی وہ ہم اپنے خلاف کررہے ہیں۔

حال ہی میں کووِڈ 19 سے صحتیاب ہونے والے وفاقی وزیر نے کہا کہ کرونا وائرس بہت سنجیدہ اور خوفناک بیماری ہے، مجھ پر 4 خود کش حملے ہوئے جس میں میرے ساتھی شہید ہوئے لیکن میں نہیں گھبرایا لیکن یہ بیماری اللہ تعالیٰ کسی دشمن کو بھی نہ لگائے، اللہ شہباز شریف کو بھی صحت دے۔

شیخ رشید نے کہا کہ فوج کرونا وائرس، ٹڈی دل کے خلاف جنگ لڑ رہی ہے اور سیلاب کے خلاف تیاریاں کر رہی ہے، پاکستان کی فوج وہ عظیم فوج ہے جو اصل میں اس ملک کی ریڑھ کی ہڈی ہے اور جانتی ہے کہ اسے کیا کرنا ہے۔

ایک سوال کے جواب میں ان کا مزید کہنا تھا کہ یہ اپوزیشن عمران خان کا کچھ نہیں بگاڑ سکتی، دونوں پارٹیاں رنگے ہاتھوں پکڑی ہوئی ہے، ان کے خلاف اتنے سنگین کیسز ہیں کہ ان کی جان نہیں چھوٹ سکتی۔ مجھے پتا تھا کہ نواز شریف چلیں جائیں گے اس لیے کہتا تھا کہ انہیں جانے دو کیا فرق پڑتا ہے اور پھر وہ چلے گئے۔

شیخ رشید نے کہا کہ میں نے چینی برآمد کی مخالفت کی تھی اور کابینہ، کابینہ کی اقتصادی کمیٹی کے اجلاس میں میرا واحد اختلافی نوٹ ہے جس میں کہا گیا تھا کہ چینی برآمد نہیں ہونی چاہیے۔

ریلوے کے بارے میں بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ یہ سال ریلوے کی ترقی اور انقلاب کا سال ہے اور جن ڈیڑھ لاکھ افراد کو نوکریاں ملیں ان سب کو میرٹ پر نوکریاں دی جائیں گی۔ میں بیمار تھا تو معلوم ہوا کہ صحافیوں کے لیے ریلوے ٹکٹس کی مد میں رعایات ختم کردی گئی ہیں، جنہیں میں بحال کرنے کا اعلان کرتا ہوں۔

ان کا کہنا تھا کہ 10 سال میں پہلی مرتبہ ریلوے انقلاب میں جارہی اور جو جو افراد کمیشن کھانے اور بدعنوانی میں ملوث ہیں ان کے خلاف میں نیب کو خط ارسال کروں گا۔ انہوں نے یہ بھی بتایا کہ ریلوے کے کرایوں میں اضافے کی تجویز پیش کی گئی تھی جسے میں نے مسترد کردیا۔