وزیر ریلوے شیخ رشید کا پاکستان ریلویز میں ایک لاکھ نوکریوں کا اعلان

وزیر ریلوے شیخ رشید کا پاکستان ریلویز میں ایک لاکھ نوکریوں کا اعلان
وفاقی وزیر برائے ریلوے شیخ رشید نے محکمہ ریلویز میں ایک لاکھ نوکریاں دینے کا اعلان کر دیا۔

وفاقی وزیر برائے ریلوے شیخ رشید نے کرونا وائرس سے صحت یابی کے بعد راولپنڈی میں پریس کانفرنس کی۔ پریس کانفرنس کرتے ہوئے شیخ رشید کا کہنا تھا کہ آٹا و چینی چوروں کا گھیراؤ ہونا چاہیے، عمران خان وقت کی ضرورت ہیں، حکومت مدت پوری کرے گی، اختر مینگل کہیں نہیں جاتے، بہت مینگلوں کو جانتا ہوں۔

انہوں نے ریلوے میں ایک لاکھ نوکریوں کا اعلان کیا اور کہا کہ ریلوے کا سارا نظام بدل دیں گے اور نیا میرٹ کا نظام لائیں گے۔

وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ ایم ایل ون ایک خواب تھا، اس سال لاہور سے راولپنڈی کا سفر 2 گھنٹے کا ہوجائے گا، ریلوے اپنے پاؤں پر کھڑی ہونے جا رہی ہے، ایم ایل ون کا کریڈٹ عمران خان اور آرمی چیف کو جاتا ہے، ایم ایل ون میرا خواب تھا، حفیظ شیخ، اسد عمر اور عاصم سلیم نے اسے حقیقت بنایا۔

کرونا کے حوالے سے شخ رشید نے کہا کہ مجھ پر 4 خودکش حملے ہوئے لیکن اس طرح کی بیماری نہیں دیکھی۔

خیال رہے کہ گذشتہ دنوں شیخ رشید میں کرونا کی تشخیص ہوئی تھی جس کے بعد وہ 16 روز تک ملٹری ہسپتال راولپنڈی میں داخل رہے اور اب صحتیاب ہوچکے ہیں۔