ہم وہ قوم ہیں جو کرونا کو ڈرامہ اور ارطغرل کو حقیقت سمجھتے ہیں، فیصل قریشی

ہم وہ قوم ہیں جو کرونا کو ڈرامہ اور ارطغرل کو حقیقت سمجھتے ہیں، فیصل قریشی
پاکستان میں کرونا کے کیسز میں لاک ڈاؤن میں نرمی کے بعد اضافہ دیکھنے میں آیا ہے اور آج 4 جون کو ملک بھر میں کرونا وائرس کے مریض چین سے زیادہ ہو گئے ہیں۔ ملک میں متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد 85 ہزار سے تجاوز کر گئی ہے۔

کرونا کے کیسز میں اضافے کے بعد جہاں حکومتی شخصیات لوگوں کو زیادہ سے زیادہ احتیاط کرنے کی ہدایات کرتی دکھائی دیتی ہیں، وہیں شوبز شخصیات بھی لوگوں کو ہدایات کرتی دکھائی دیتی ہیں۔ اداکار فیصل قریشی نے بھی اپنی انسٹاگرام سٹوریز میں عوام سے احتیاط کرنے کی اپیل کی ہے۔

فیصل قریشی نے اپنی سٹوریز میں لکھا کہ پاکستانیوں کی جانب سے کرونا کو نظر انداز کرنے کی وجہ سے ہی ملک میں گذشتہ ماہ یعنی صرف مئی کے مہینے میں 53 ہزار 908 مریضوں کا اضافہ ہوا۔

فیصل قریشی نے عوام کو طنزیہ انداز میں یاد دہانی کرائی کے ملک میں مارچ میں 1983 افراد کرونا سے متاثر ہوئے تھے جب کہ اپریل میں 14 ہزار 435 اور مئی میں 53 ہزار 908 افراد متاثر ہوئے تھے۔

انہوں نے اپنی ایک اور سٹوری میں لکھا کہ ہم وہ قوم ہیں جو کرونا کو ڈرامہ اور ارطغرل کو حقیقت سمجھتے ہیں۔





خیال رہے کہ ترک ڈرامہ ارطغرل غازی 24 اپریل سے پی ٹی وی پر نشر کیا جا رہا ہے، مذکورہ ڈرامے نے پاکستان میں مقبولیت کے نئے ریکارڈز بنائے اور وہ پاکستان میں یوٹیوب پر سب سے زیادہ دیکھا جانے والا ڈرامہ بھی بن چکا ہے۔ اس ڈرامے کی کہانی 13 ویں صدی میں مسلمانوں کی فتوحات کے گرد گھومتی ہے، اس کی کہانی مسلمانوں کی سلطنت عثمانیہ کے قیام سے قبل کی ہے اور ڈرامے کی کہانی کو بہت سراہا جا رہا ہے۔