ترکی کے شہرہ آفاق ڈرامے ’دیریلیش ارطغرل‘ کی مقبولیت پاکستان میں مسلسل بڑھ رہی ہے اور اس میں کام کرنے والے اداکاروں کے پاکستانی مداحوں کی تعداد میں بھی اضافہ ہورہا ہے۔
ڈرامے میں ارطغرل غازی کی بیوی حلیمہ سلطان کا کردار ادا کرنے والی 28 سالہ اداکارہ اسرا بیلگیج کی پاکستان میں بے پناہ مقبولیت ہے اور لوگوں نے انہیں سوشل میڈیا پر فالو کرنے سمیت ان سے اپنی محبت کا اظہار کرنا بھی شروع کر دیا ہے اور انہیں بتایا کہ کس طرح پاکستانی مداح انہیں چاہنے لگے ہیں۔
پاکستانی ڈرامہ مداحوں کی جانب سے گذشتہ تین ہفتوں میں حلیمہ سلطان یعنی اسرا بیلگیج کے سوشل میڈیا اکاؤنٹس پر ان کی تعریف میں کمنٹس کیے گئے ہیں اور لوگ ان سے ملنے اور انہیں پاکستان آنے کی دعوت دیتے دکھائی دیتے ہیں۔
ایسے ہی ایک مداح کے کمنٹس پر اداکارہ اسرا بیلگیج یعنی حلیمہ سلطان نے پاکستان آنے کی خواہش کا اظہار کیا ہے اور کہا ہے کہ وہ بھی پاکستانی مداحوں سے ملنے کے لیے بے تاب ہیں۔
پاکستانی مداح کے کمنٹ پر اداکارہ اسرا بیلگیج نے جواب دیتے ہوئے ان کے لیے محبتوں اور نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ اداکارہ نے اپنے جواب میں لکھا کہ پاکستانی مداحوں کی محبت اور سپورٹ نے ان کی ہمت افزائی کی ہے اور وہ بھی پاکستان آنے اور اپنے مداحوں سے براہ راست ملنے کے لیے بے تاب ہیں۔
ڈرامے میں اہم کردار ادا کرنے والے 2 مزید اداکاروں نے نے بھی پاکستان نے آنے کی خواہش کا اظہار کیا ہے۔ ان میں سے ایک دوآن بے (روشان) کا کردار ادا کرنے والے جاوید چتین گونر اور اصلحان خاتون کا کردار ادا کرنے والی گلثوم علی شامل ہیں۔
واضح رہے کہ پاکستان میں کئی سال سے ترکی کے مختلف ڈراموں کو اردو ڈبنگ کے ساتھ چینلز پر نشر کیا جارہا ہے لیکن جو مقبولیت ارطغرل غازی کو ملی ہے، اس کی مثال نہیں ملتی۔ دیریلیش ارطغرل ڈرامے کی کہانی 13ویں صدی میں سلطنت عثمانیہ کے قیام سے قبل کی ہے اور اس ڈرامے کی مرکزی کہانی ارطغرل نامی بہادر مسلمان سپہ سالار کے گرد گھومتی ہے جنہیں ارطغرل غازی بھی کہا جاتا ہے۔
اس ڈرامے میں کام کرنے والے تمام اداکار راتوں رات پاکستان میں اس حد تک مقبول ہوگئے کے ان کی فین فالوونگ میں دن بہ دن تیزی سے اضافہ ہورہا ہے۔